چترال؛ چترال لوئیر میں دم گھٹنے کا ایک المناک واقعہ، ماں باپ سمیت معصوم بچہ جان بحق
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز)لوئرچترال کے نواحی گاوں سین گاؤں میں گیس لیکیج کے باعث دم گھٹنے کا المناک واقعہ پیش آیا ہے، جس میں جامع مسجد سین لالمی کے پیش امام مولانا عبید اللہ ، ان کی شریکِ حیات اور ایک سالہ معصوم بچہ جاں بحق ہو گئے۔ اس لرزہ خیز حادثے نے پورے علاقے میں کہرام مچادیا اور ہر آنکھ اشکبار ہے۔
ذرائع کے مطابق مولانا عبید اللہ مورخہ 13 فروری 2026 کو علی الصبح پشاور سے اپنے گھر ‘سین’ پہنچے تھے۔ شدید سردی کے باعث انہوں نے کمرے میں گیس سلنڈر جلایا اور اہل خانہ سمیت سو گئے۔ صبح تقریباً 08:30 بجے جب کمرہ نہ کھلا تو اہل خانہ نے چیک کیا، جہاں میاں بیوی اور ایک سالہ بچہ بے سدھ پائے گئے۔ گیس لیکیج کے باعث دم گھٹنے سے تینوں افراد موقع پر ہی خالقِ حقیقی سے جا ملے تھے۔ واقعے کی اطلاع فوری طور پر تھانہ چترال سٹی کی پولیس کو دی گئی۔
استاد عباد اللہ ایک نہایت نیک سیرت، بااخلاق اور عزت دار انسان تھے، جن کی زندگی دین کی خدمت اور انسانیت کی بھلائی کے لیے وقف تھی۔ ان کی اچانک وفات نہ صرف ایک خاندان کا بلکہ پورے گاؤں کا مشترکہ دکھ ہے۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ استاد عباد اللہ کی کمی طویل عرصے تک محسوس کی جائے گی۔
اس المناک سانحے پر لوئر چترال کی سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ دعا کی گئی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور پسماندگان کو یہ ناقابلِ برداشت صدمہ سہنے کی ہمت اور صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
