مدد الیکٹرک چولہے کی مرمت سے متعلق تین روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد
چترال(نمائندہ چترال ٹائمز) آغا خان رورل سپورٹ پروگرام (AKRSP) اور تھرڈ پول سلوشن کے اشتراک سے متعارف کرائے گئے مدد الیکٹرک چولہے کی مرمت اور دیکھ بھال کے حوالے سے چترال کے ایک مقامی ہوٹل میں تین روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ میں چترال کے مختلف دیہات سے مرد و خواتین نمائندوں نے شرکت کی۔
تربیتی ورکشاپ کے دوران شرکاء کو آن لائن اور عملی (پریکٹیکل) سیشنز کے ذریعے الیکٹرک چولہے کی مرمت کے مختلف مراحل سے آگاہ کیا گیا۔ ماہر الیکٹریشنز نے شرکاء کو چولہے کی خرابیوں کی نشاندہی، پرزہ جات کی تبدیلی، بجلی کی وولٹیج اور دیگر تکنیکی امور پر تفصیلی تربیت فراہم کی۔
واضح رہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے ہوئے اثرات اور جنگلات کی بے دریغ کٹائی کے باعث پیدا ہونے والے ماحولیاتی خطرات کے پیش نظر آغا خان رورل سپورٹ پروگرام نے آغا خان فاؤنڈیشن اور تھرڈ پول سلوشن کے تعاون سے گزشتہ مہینوں چترال میں مدد الیکٹرک چولہا متعارف کرایا ہے، جس کی تقسیم مختلف دیہات میں جاری ہے۔ یہ جدید اور ماحول دوست چولہا کم سے کم بجلی کے استعمال سے کم وقت میں کھانا پکانے کی صلاحیت رکھتا ہے، جس سے لکڑی پر انحصار میں کمی، جنگلات کے تحفظ اور فضائی آلودگی میں نمایاں کمی متوقع ہے۔
مدد الیکٹرک چولہے کی مرمت سے متعلق تین روزہ ورکشاپ گزشتہ روز اختتام پذیر ہو گئی۔ اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر چترال عبدالسلام تھے، جنہوں نے شرکاء میں اسناد تقسیم کیں۔ اپنے خطاب میں انہوں نے آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کے مختلف اداروں، بالخصوص AKRSP کی چترال کی ترقی کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے مدد الیکٹرک چولہے کو چترال کے لیے ایک قیمتی تحفہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے استعمال سے نہ صرف ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے گی بلکہ جنگلات پر دباؤ بھی کم ہو گا۔
تقریب سے پراجیکٹ منیجر مہربان خان سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ورکشاپ کے شرکاء نے تربیتی سیشنز کو انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے AKRSP اور شراکت دار اداروں کا شکریہ ادا کیا۔

