چترال کے تاریخی شاہی پولو گراؤنڈ میں جاری تین روزہ تبلیغی اجتماع اپنے تیسرے اور آخری مرحلے میں داخل
۔
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) چترال کے تاریخی شاہی پولو گراؤنڈ میں جاری تین روزہ تبلیغی اجتماع اپنے تیسرے اور آخری مرحلے میں داخل ہو گیا ہے، جس میں ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مند اور مندوبین شریک ہیں۔ اس مذہبی اجتماع کے باعث پولو گراؤنڈ کا وسیع و عریض میدان ایک انتہائی خوبصورت اور روحانی منظر پیش کر رہا ہے، جہاں ہر طرف ایمان افروز ماحول نظر آ رہا ہے۔چترال کے مقامی لوگوں کے علاوہ، خیبر پختونخوا کے دیگر اضلاع اور ملک کے مختلف حصوں سے بھی بڑی تعداد میں لوگ اس بابرکت تقریب میں شرکت کے لیے پہنچے ہیں۔
اجتماع گاہ میں علمائے کرام اور مذہبی اسکالرز کی جانب سے دینِ اسلام کی حقیقی تعلیمات، امن، بھائی چارے اور سنتِ نبویؐ پر عمل پیرا ہونے کے موضوعات پر تفصیلی بیانات کا سلسلہ جاری ہے۔شاہی پولو گراؤنڈ میں شرکاء کی اتنی بڑی تعداد کی موجودگی اور وہاں قائم کردہ خیموں کی بستی چترال کے خوبصورت پہاڑی پس منظر کے ساتھ مل کر ایک دیدہ زیب منظر پیش کر رہی ہے۔ مقامی انتظامیہ اور رضا کاروں کی جانب سے شرکاء کے آرام، وضو اور طعام کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔یہ تین روزہ مذہبی اجتماع کل منگل کے روز رقت آمیز اور الوداعی اجتماعی دعا کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچے گا۔ دعا میں ملک کی ترقی، خوشحالی، امن و امان اور امتِ مسلمہ کی یکجہتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی، جس کے بعد شرکاء دین کی تبلیغ کے لیے مختلف جماعتوں کی شکل میں ملک بھر کے دوروں پر روانہ ہوں گے۔