خیبرپختونخوا ٹورازم اتھارٹی کے زیراہتمام تریچ میر چوٹی پربنائی گئی ڈاکومنٹری نشر کی گئی
پشاور(نمائندہ چترال ٹائمز)ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی محمد عثمان محسود نے کہاہے کہ صوبہ میں سیاحت اور ہوٹل مینجمنٹ میں بہترین لانے کیلئے ڈیپارٹمنٹ آف ٹورازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ جامعہ پشاور کیساتھ مل کر کام کرینگے تاکہ مہمان نوازی کی اس صنعت میں مزید بہتری لائی جا سکے۔ خیبرپختونخوا ٹورازم اتھارٹی ایڈونچرسیاحت کے فروغ کیلئے کالام اور چترال میں عنقریب سرگرمیوں کا انعقاد کرنے جا رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سر صاحبزادہ عبدالقیوم میوزیم آف آرکیالوجی جامعہ پشاورمیں خیبرپختونخوا ٹورازم اتھارٹی کی جانب سے ہندوکش پہاڑی سلسلے کی بلند ترین چوٹی تریچ میر پر بنائی گئی ڈاکومنٹری نشر کرنے کے موقع پربطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ان کے ہمراہ سابقہ ممبر صوبائی اسمبلی و بورڈ ممبر خیبرپختونخوا ٹورازم اتھارٹی بی بی فوزیہ، ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس ٹورازم اتھارٹی شہریار محمود، ڈائریکٹر ٹورازم محمد علی سید، پروفیسر ڈاکٹر ذاکر اللہ جان چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف آرکیالوجی، ٹورازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ یونیورسٹی آف پشاور، اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر اسفندیارخان، فیکلٹی ممبر امجد حمید خان، طلباء و طالبات سمیت دیگر شخصیات موجود تھیں۔ڈی جی ٹورازم اتھارٹی محمد عثمان محسود نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی ہدایات پر صوبہ میں سیاحت و ثقافت کے فروغ کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کررہے ہیں۔ خیبرپختونخواٹورازم اتھارٹی اور ڈیپارٹمنٹ آف ٹورازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ جامعہ پشاور مل کر صوبہ میں سیاحت و ثقافت کے فروغ کیلئے کام کرینگے جس میں نوجوان طلباء و طالبات کو شامل کیا جائے گا۔ کالام اور چترال میں ٹورازم اتھارٹی کی جانب سے بنائے گئے ایڈونچر ٹریننگ سکولز سے نوجوانوں کو مختلف ایڈونچر سرگرمیوں کی تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔
ایڈونچر ٹورازم کیساتھ ساتھ ہوٹل مینجمنٹ اور مہمان نوازی کی جانب دونوں ادارے مل نوجوانوں کوتربیت فراہم کریں۔ اس موقع پرٹورازم اتھارٹی کی جانب سے ہندوکش کی بلند ترین چوٹی تریچ میر سر کرنے سے متعلق بنائی گئی ڈاکومنٹری سر صاحبزادہ عبدالقیوم میوزیم آف آرکیالوجی جامعہ پشاور میں پیش کی گئی۔ اس سے قبل پروفیسر ڈاکٹر ذاکر اللہ جان چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف آرکیالوجی نے ڈی جی ٹورازم اتھارٹی کو عجائب گھر کا تفصیلی دورہ کرایا اور عجائب گھر سے متعلق بریفنگ دی۔


