خیبر پختونخوا کے سیاحتی مقامات میں نئی تعمیرات پر عارضی طور پر پابندی لگانے کا فیصلہ
پشاور( چترال ٹائمزرپورٹ)خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات میں نئی تعمیرات پر عارضی طور پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔چیف سیکریٹری زاہد اختر زمان کے مطابق سیاحتی مقامات میں تعمیراتی کام کے لیے جاری این او سیز بھی منسوخ کردیے گئے ہیں، سیاحتی مقامات میں تجاوزات اور ناقص نکاسی آب کا نظام بہتر بنانے پر غور کیا جارہا ہے۔چیف سیکریٹری کا کہنا ہے کہ سیاحتی مقامات کا قدرتی حْسن برقرار رکھنے اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے اقدامات کیے ہیں، کاغان، ناران اور دیگر سیاحتی مقامات کے لیے قائم اتھارٹیز ماسٹر پلان کے تحت کام کریں۔
حکومت پاکستان اور جاپانی حکومت کے درمیان جے ڈی ایس سکالرشپ پروگرام پر دستخط ہوگئے
اسلام آباد(سی ایم لنکس)حکومت پاکستان اور جاپان کے درمیان ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ سکالرشپ پروگرام (جے ڈی ایس) 2025 کو مزید موثر بنانے کے لئے 379 ملین جاپانی ین (2.63 ملین ڈالر) کے گرانٹ معاہدے پر دستخط ہوگئے۔ معاہدے پر دستخط کی یہ خصوصی تقریب وزارت اقتصادی امور میں منعقد ہوئی۔ سیکرٹری اقتصادی امور ڈاکٹر کاظم نیاز اور جاپانی سفیر اکاماتسو شوچی نے ایکسچینج آف نوٹس پر دستخط کئے۔ سینیئر جوائنٹ سیکرٹری اقتصادی امور میران محی الدین سومرو اور پاکستان میں تعینات جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے سربراہ نوآکی میاتا نے سیکرٹری اقتصادی امور اور جاپانی سفیر کی موجودگی میں باضابطہ طور پر معاہدے پر دستخط کئے۔
جاپانی حکومت جائیکا کے ذریعے جے ڈی ایس پروگرام کی یہ آٹھویں قسط فراہم کررہی ہے۔ اس سال اس کے تحت پی ایچ ڈی کے لئے 1 جبکہ ماسٹرز ڈگری کے لئے 16 وفاقی سروس کے ملازمین جاپان کی اعلیٰ جامعات میں جائیں گے۔ 2018 سے اب تک 7 بیچز(ہربیچ میں تقریباً 17 شرکاء شامل ہیں) اس سکالرشپ سے مستفید ہوچکے ہیں۔ اس اقدام سے نوجوان افسران کی صلاحیت اور کارکردگی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جو پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ مزید برآں، جاپان اکثر پاکستانی حکومت کے اہلکاروں کو جاپان میں مختلف قلیل مدتی تربیتی کورسز میں شرکت کی دعوت دیتا ہے۔ دستخط کی تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری وزارت اقتصادی امور ڈاکٹر کاظم نیاز نے جاپانی حکومت اور عوام کا ان کی غیر متزلزل حمایت پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان بامعنی تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے تمام ضروری سہولتوں کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے جاپانی سفیر اکاماتسو شوچی اور جائیکا کے سربراہ نوآکی میاتا نے دوستانہ تعلقات اور دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا یقین دلایا۔

