عمران خان کو گزشتہ 14 دنوں سے ایک چھوٹے سیل میں تنہا قید رکھا گیا ہے، بجلی کی فراہمی بند ہے اور انہیں بیرونی دنیا سے مکمل طور پر کاٹ دیا گیا ہے۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف
عمران خان کو گزشتہ 14 دنوں سے ایک چھوٹے سیل میں تنہا قید رکھا گیا ہے، بجلی کی فراہمی بند ہے اور انہیں بیرونی دنیا سے مکمل طور پر کاٹ دیا گیا ہے۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف
پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے بانی تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ قید میں کیے جانے والے غیر انسانی اور غیر قانونی سلوک کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو گزشتہ 14 دنوں سے ایک چھوٹے سیل میں تنہا قید رکھا گیا ہے جہاں انہیں بنیادی انسانی حقوق سے بھی محروم کیا جا رہا ہے، بجلی کی فراہمی بند ہے اور انہیں بیرونی دنیا سے مکمل طور پر کاٹ دیا گیا ہے۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ عمران خان کو جان بوجھ کر قید کے دوران آئیسولیشن میں رکھا جا رہا ہے تاکہ ان کا ذہنی اور جسمانی طور پر استحصال کیا جا سکے، یہ ظلم صرف عمران خان پر نہیں بلکہ اس عوامی مینڈیٹ کی بھی توہین ہے جو عوام نے انہیں بطور وزیر اعظم دیا تھا۔ انہوں نے ہیومن رائٹس واچ اور دیگر بین الاقوامی انسانی حقوق کے اداروں سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ بین الاقوامی سطح پر اٹھایا جائے تاکہ عالمی برادری بھی پاکستان میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ ہو سکے۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے موجودہ حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ ناجائز حکومت اپنے اقتدار کو بچانے کے لیے عمران خان جیسے مقبول لیڈر کو ظلم و جبر کا نشانہ بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس حکومت کے ہر ظلم کا حساب لیں گے، عزم کرتے ہیں کہ عمران خان کی رہائی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو نہ صرف غیر قانونی قید میں رکھا گیا ہے بلکہ انہیں تمام تر معلومات سے بھی دور رکھا گیا ہے، ان کے سیل میں نہ تو کسی قسم کا رابطہ میسر ہے اور نہ ہی انہیں ملک کے اندر جاری سیاسی صورتحال کے بارے میں آگاہی دی جا رہی ہے جو ایک جمہوری ملک میں ناقابل قبول ہے۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے آئین میں تعصب کی بنیاد پر کی جانے والی ترامیم کو عوام سے چھپایا جا رہا ہے جو کہ جمہوری اقدار اور آئینی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ہر سطح پر ان ترامیم کے خلاف بھرپور مزاحمت کرے گی اور عدلیہ کی خودمختاری کو ختم کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران نہ تو عوامی نمائندے ہیں اور نہ ہی عوام کے مینڈیٹ کی عزت کرتے ہیں اور یہ ثابت ہو چکا ہے کہ یہ حکومت ایک جعلی حکومت ہے جو بیرونی سازش کے تحت قائم کی گئی ہے۔ بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ رجیم چینج سازش کے تحت قائم یہ حکومت پاکستان کو اندرونی طور پر تباہ کرنے کے درپے ہے لیکن عوام اب جاگ چکے ہیں اور انہیں معلوم ہے کہ عمران خان ہی اس ملک کے مسائل کا واحد حل ہیں۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی اپنے قائد عمران خان کی رہائی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھے گی جب تک عمران خان کو انصاف فراہم نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی پاکستان کی آخری امید ہے اور قوم عمران خان کی کال پر لبیک کہنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیاست کو صرف سیاسی اداروں تک محدود رہنا چاہیے اور غیر سیاسی قوتوں کو سیاست سے دور رکھنا چاہیے۔ پی ٹی آئی اپنے قائد کے ساتھ ہر محاذ پر کھڑی ہے اور جب تک ہم حقیقی آزادی حاصل نہیں کر لیتے، ہم عمران خان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے،کوئی ظلم اور جبر اس نظریے کو مٹا نہیں سکتا جس کا وقت آ چکا ہو۔