گورنمنٹ ہائی سکول سوسوم کے طالب علم منصور علی کا اعزاز ، صوبائی سطح کے مقابلوں میں پہلی پوزیشن لی
چترال (نمایندہ چترال ٹایمز )گورنمنٹ ہائی سکول سوسوم، چترال لوئر کے ہونہار طالبعلم منصور علی نے سالانہ انٹر سکول ادبی مقابلہ 2025 میں انگریزی مضمون نویسی کیٹیگری میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صوبائی سطح پر پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔
واضح رہے کہ گورنمنٹ ہائی سکول سوسوم چترال کے ایک پسماندہ اور انتہائی دشوار گزار علاقے کریم آباد میں واقع ہے، جہاں محدود تعلیمی سہولیات کے باوجود یہ کامیابی اساتذہ اور طلبہ کی انتھک محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
منصور علی نے اپنی کامیابی کو والدین کی دعاؤں اور اساتذہ کی مخلصانہ محنت کا نتیجہ قرار دیا۔ انہوں نے خصوصی طور پر اپنے اساتذہ شفیق احمد، عطاالرحمان، محمد امان خان اور شفیع الرحمان کا شکریہ ادا کیا، جبکہ سکول کے ہیڈماسٹر رحمت عزیز کی مسلسل رہنمائی اور حوصلہ افزائی کو بھی سراہا۔علاقے کے تعلیمی و سماجی حلقوں نے منصور علی کی اس نمایاں کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے ضلع چترال کے لیے باعثِ فخر قرار دیا ہے۔
دریں اثنا ڈپٹی کمشنر لوئیر چترال راو ہاشم عظیم نے ہونہار طالب علم منصورعلی کی شاندار کامیابی پر طالب علم کو شاباشی دی ہے اور ان کے والدین و اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ چترال کے طالب علموں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے اگرکمی ہے تووہ مواقع کی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہائی سکول سوسم کے اساتذہ کی محنت اور کاوشوں کو بھی سراہا ہے۔

