چترال میں بہار کی آمد، چترال ٹاوں میں بارشوں کے بعد قدرتی حسن نکھر اٹھا
۔
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) وادی چترال میں موسمِ بہار اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ جلوہ گر ہے، جہاں پہاڑوں اور میدانوں نے سبزے کی چادر اوڑھ لی ہے۔ گزشتہ ایک ہفتے سے وقفے وقفے سے ہونے والی بارشوں نے نہ صرف موسم کو خوشگوار بنا دیا ہے بلکہ قدرتی حسن کو بھی چار چاند لگا دیے ہیں۔
بارشوں کے بعد وادی کا گوشہ گوشہ نکھر گیا ہے اور ہر طرف پھیلی ہریالی سیاحوں اور مقامی لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کر رہی ہے۔ ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ اور درختوں پر نئی کونپلوں کی بہار نے چترال کے قدرتی مناظر کو مزید دلکش بنا دیا ہے۔ وادی میں داخل ہونے والے مسافروں کے لیے یہ نظارے کسی جنت نظیر منظر سے کم نہیں جو دیکھنے والوں کو مسحور کر دیتے ہیں۔
تاہم رمضان المبارک کے مقدس مہینے کی وجہ سے اس وقت وادی میں سیاحتی سرگرمیاں نسبتاً محدود ہیں۔ مقامی کاروباری افراد اور سیاحت سے وابستہ حلقوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ اس وقت چترال اپنی بہار کے بہترین جوبن پر ہے، لیکن سیاحوں کی آمد کا باقاعدہ سلسلہ عموماً عید الفطر کے بعد شروع ہوتا ہے۔
امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ عید کی تعطیلات کے دوران ملک بھر سے بڑی تعداد میں سیاح چترال کا رخ کریں گے تاکہ اس دلکش موسم اور حسین قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہو سکیں، جس کے ساتھ ہی علاقے میں سیاحت کا نیا سیزن بھرپور انداز میں شروع ہونے کی توقع ہے۔
