سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کی زیر صدارت چترال سمیت دیگر سیلاب سےمتاثرہ علاقوں کے مائنز اینڈ منرلز کے حوالے سے اجلاس
پشاور (نمائندہ چترال ٹائمز) سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کی زیر صدارت ایک اعلی سطحی اجلاس پشاور میں منعقد ہوا جس میں سیکرٹری مائنز اینڈ منرلز اور ڈائریکٹر جنرل مائنز اینڈ منرلز سمیت چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے مائنز اینڈ منرلز ایم پی اے اکرام غازی بھی شریک ہوئے۔اجلاس کے دوران سپیکر نے حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں مانور ویلی، سرن ویلی، مہانڈری، سوات، دیر، چترال و دیگر ایسے علاقے جن میں دریائی کناروں پر ریت اور دیگر معدنی ڈپازٹس ہیں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محکہ مائنز اگر اس موقع پر مؤثر اقدامات کرے تو نہ صرف دریاؤں کی اصل گہرائی بحال کی جاسکتی ہے بلکہ حکومت و عوام کے لیے خاطر خواہ ریونیو بھی پیدا کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے سیکرٹری اور ڈائریکٹر جنرل مائنز کو ہدایت کی کہ وہ اس تجویز پر عملی پیش رفت کریں اور اس سلسلے میں جامع حکمتِ عملی ترتیب دیں تاکہ محکمے، سول سوسائٹی اور متعلقہ اداروں کی مشترکہ کاوشوں سے نہ صرف ماحول کو محفوظ بنایا جاسکے بلکہ صوبے کے لیے آمدنی کا ایک مؤثر ذریعہ بھی پیدا کیا جاسکے۔
