سوشل میڈیاصارفین کو لگام دینے دینے کیلئے سوشل میڈیا پروٹیکشن اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا گیا، نوٹیفکیشن جاری، فیک اور غلط خبروں کے خلاف فوری ایکشن لیا جائیگا
.
اسلام آباد( چترال ٹائمزرپورٹ) سوشل میڈیا اتھارٹی کے چیئرمین اور ممبران کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔سینئر قانون دان ایاز شوکت کو 5 سال کے لیے سوشل میڈیا پروٹیکشن اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کا پہلا چیئرمین تعینات کیا گیا ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔اتھارٹی کے دیگر ممبران میں سہیل اقبال بھٹی، عدنان خان، محمد سلمان ظفر، فہد ملک اور سعد علی شامل ہیں۔وزارت داخلہ کی جانب سے چیئرمین اور 5 ممبران کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا، جو 5 سال کی مدت کے لیے ہوگا۔ایاز شوکت اس سے قبل بطور ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد خدمات انجام دے رہے ہیں اور وہ عید کے بعد بطور چیئرمین عہدہ سنبھالیں گے۔اتھارٹی کے قیام کے بعد فیک یا غلط معلومات اور خبروں سے متاثرہ کوئی بھی شخص شکایت درج کرا سکے گا، جبکہ ادارے کو متعلقہ مواد بلاک کرانے کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔نوٹیفکیشن کے مطابق اتھارٹی شکایت موصول ہونے کے بعد 24 گھنٹوں کے اندر احکامات جاری کرے گی۔اور قانون کے مطابق کاروائی ہوگی۔
.
بار کونسلز کی مضبوطی مؤثر نظامِ انصاف کے لیے ناگزیر ہے، وفاقی وزیرِ قانون
.
اسلام آباد(سی ایم لنکس) وفاقی وزیرِ قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے خیبر پختونخوا بار کونسل کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وکلاء کی فلاح و بہبود اور بار کونسل سے متعلق مختلف ادارہ جاتی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیرِ قانون نے اس موقع پر کہا کہ بار کونسلز حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں اور ان کی مضبوطی نظامِ انصاف کے مؤثر قیام کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس امر کا اعادہ کیا کہ وفاقی حکومت بار کونسلز کے ترقیاتی منصوبوں میں بھرپور معاونت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ملاقات کے دوران بار کونسل کے جاری اور مجوزہ منصوبوں کے لیے حکومتی تعاون بڑھانے، وکلاء کو درپیش مسائل کے حل اور سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔وفاقی وزیرِ قانون نے وکلاء برادری کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ نظامِ انصاف میں بار کونسلز کا کردار انتہائی اہم ہے اور حکومت اس کردار کو مزید مؤثر بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔
