The Voice of Chitral since 2004
Saturday, 25 July 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

اپر چترال: موڑکہو روڈ پر اسفالٹ بچھانے میں تاخیر کے خلاف محمد علی شاہ صدیقی کی بھوک ہڑتال دوسرے روز بھی جاری، انتظامیہ کی یقین دہانی کے باوجود احتجاج برقرار

Chitral Times

۔

اپرچترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) اپر چترال میں ان دنوں سڑکوں کی تعمیر میں تاخیر کے خلاف تینوں ویلیزکے عوام سراپا احتجاج ہیں۔ یارخون ویلی میں چار روز تک جاری رہنے والے احتجاج کو ضلعی انتظامیہ اور منتخب عوامی نمائندوں کی یقین دہانیوں کے بعد ہی ختم کرایا جا سکا، جبکہ تورکہو کے عوام بھی سڑک کی تعمیر میں سست روی کے خلاف مسلسل احتجاج کر رہے ہیں۔ اسی سلسلے کی کڑی میں اب موڑکہو روڈ پر اسفالٹ بچھانے کے کام میں تاخیر کے خلاف سماجی کارکن محمد علی شاہ صدیقی نے ضلعی ہیڈکوارٹر بونی میں بھوک ہڑتال شروع کر رکھی ہے، جو دوسرے روز بھی جاری رہی۔

رات بھر ہونے والی بارش کے باوجود محمد علی شاہ صدیقی نے اپنا احتجاج ختم نہیں کیا اور مطالبات کی منظوری تک بھوک ہڑتال جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کا واحد مطالبہ موڑکہو روڈ پر اسفالٹ بچھانے کے منصوبے پر فوری اور باقاعدہ عملی کام کا آغاز ہے۔ ان کے بقول عوام کو طویل عرصے سے اس اہم شاہراہ کی خستہ حالی کے باعث شدید مشکلات کا سامنا ہے، لیکن متعلقہ اداروں کی جانب سے بارہا یقین دہانیوں کے باوجود منصوبے پر خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہو سکی۔

احتجاجی کیمپ میں وقتاً فوقتاً مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد، عمائدین اور سماجی شخصیات نے شرکت کی، محمد علی شاہ صدیقی سے ملاقات کی اور ان کے مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔

دریں اثنا گزشتہ رات خیبرپختونخوا کی ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی اور ڈپٹی کمشنر اپر چترال نے احتجاجی کیمپ کا دورہ کیا اور محمد علی شاہ صدیقی سمیت دھرنے کے شرکاء سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی کہ تعمیراتی مشینری کی مرمت مکمل ہوتے ہی موڑکہو روڈ پر اسفالٹ بچھانے کا کام باقاعدہ طور پر شروع کر دیا جائے گا، تاہم محمد علی شاہ صدیقی نے یقین دہانیوں کو ناکافی قرار دیتے ہوئے بھوک ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا۔

آج صبح گیارہ بجے تک بھوک ہڑتال اور احتجاجی کیمپ بدستور جاری تھا، جبکہ علاقے کے عوام نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ موڑکہو روڈ سمیت اپر چترال کی تمام اہم سڑکوں پر جاری ترقیاتی منصوبوں کو مزید تاخیر کے بغیر مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔

chitraltimes booni hunger strike siddiqi mulkhow 2 chitraltimes booni hunger strike siddiqi mulkhow 3