شیشی کوہ میں فائرنگ کا واقعہ، ایک شخص جاں بحق، دو زخمی، فرار ملزم گرفتار
۔
دروش ( مقصود علی خان چترالی) وادیٔ شیشی کوہ لوئیر چترال کے علاقے برگہ نسار میں زمین اور نالے کی حدود کے تنازع پر دو فریقین کے درمیان مبینہ تصادم کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے واقعے کے سلسلے میں ایک شخص کو مبینہ طور پر آلہ قتل سمیت گرفتار کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق واقعہ چند روز قبل سہ پہر کے وقت پیش آیا، جب اعجاز احمد نامی شخص اپنے گھر کے سامنے واقع ایک متنازع نالے میں پودا لگا رہا تھا۔ مذکورہ نالے کی ملکیت اور حدود کے معاملے پر فریقین کے درمیان پہلے سے اختلاف چلا آرہا تھا۔
ذرائع کے مطابق ایک فریق کا مؤقف تھا کہ نالہ ان کی حدود میں واقع ہے، جبکہ دوسرے فریق کی جانب سے اسے اپنی زمین کا حصہ قرار دیا جاتا تھا۔ اسی معاملے پر اعجاز احمد اور رضوان اللہ کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، جس کے بعد مبینہ طور پر ہاتھا پائی شروع ہوگئی۔
اسی دوران اعجاز احمد کا بھائی رفیع اللہ جبکہ رضوان اللہ کا بھائی انصار بھی موقع پر پہنچ گئے۔ ذرائع کے مطابق صورتحال کشیدہ ہونے کے دوران فائرنگ ہوئی، جس کے نتیجے میں رفیع اللہ اور اعجاز احمد زخمی ہوگئے، جبکہ رضوان اللہ بھی زخمی ہوا۔
رفیع اللہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، جبکہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے دروش ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس نے واقعے کے سلسلے میں مبینہ ملزم انصار کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے مبینہ طور پر استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس کی جانب سے واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ مقدمے اور تفتیش کے قانونی مراحل مکمل ہونے کے بعد واقعے کی اصل صورتحال اور ذمہ داری کا تعین کیا جائے گا۔
مقامی افراد کے مطابق واقعہ زمین اور نالے کی حدود کے تنازع سے شروع ہوا، جو بعد ازاں سنگین تصادم میں تبدیل ہوگیا۔ علاقے کے لوگوں نے فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور تنازعات کو قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے حل کرنے کی اپیل کی ہے۔
جاں بحق رفیع اللہ کے پسماندگان میں تین بیٹیاں اور دو بیٹے شامل ہیں۔
یادرہے کہ واقعہ چند دن پہلے کی ہے تاہم علاقہ دورآفتادہ ہونے کے باعث خبر مکمل نہیں تھی جبکہ ملزم کی گرفتاری بھی نہیں ہوئی تھی آج ملزم آلہ قتل سمیت گرفتار ہوگیا ہے ۔
