شندور پولو فیسٹیول 11 سے 13 جون تک منعقد ہوگا، چیف سیکریٹری کا فیسٹول کی تیاریوں کو جلد حتمی شکل دینے اور شاہی داس کے مقام پرعارضی پل نصب کرنے کی ہدایت
۔
پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز ) چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ نے شندور پولو فیسٹیول کی تمام تیاریوں کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شندور پولو فیسٹیول 11 سے 13 جون تک شندور پولو گراؤنڈ میں منعقد ہوگا. وہ منگل کے روز شندور پولو فیسٹیول کے انعقاد سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
اجلاس میں سیکرٹری فنانس کامران آفریدی، سیکرٹری سیاحت سعادت حسن، سیکرٹری ایڈمنسٹریشن شاہد سہیل، ایڈیشنل سیکرٹری فنانس محمد اخلاق، ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی شہریار محمود، ڈی جی ایوی ایشن عاطف خان، سیکرٹری داخلہ عثمان محسود، کمشنر ملاکنڈ، ڈی پی اوز اور ڈپٹی کمشنرز لوئر و اپر چترال، نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے حکام سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس میں خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کی جانب سے فیسٹیول کی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ تمام ادارے باہمی رابطہ اور کوآرڈینیشن کو مزید مؤثر بنائیں، جبکہ رابطہ سڑکوں پر جاری کام کی رفتار تیز کی جائے۔ انہوں نے این ایچ اے کو ہدایت کی کہ سیلابی ریلوں سے متاثرہ مقامات پر ہیوی مشینری کی بروقت دستیابی یقینی بنائی جائے۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ گلگت بلتستان کے حکام کے ساتھ مکمل رابطہ رکھ کر فیسٹیول کا کامیاب انعقاد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ لوئر اور اپر چترال میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے کام کو تیز کیا جائے اور شاہی داس کے مقام پر مستقل کنکریٹ پل کی تعمیر تک عارضی پل نصب کیا جائے تاکہ عوام کو آمدورفت میں سہولت میسر آسکے۔


