شندور فیسٹول اپنی تمام تررعنائیوں کے ساتھ اختتام پذیر، چترال اے ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد گلگت ٹیم کوشکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کرلیا، کورکمانڈر پشاور نے انعامات تقسیم کی
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) شندور پولو فیسٹول کے فائنل میں ایک انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد چترال نے گللگت بلتستان کو 7کے مقابلے میں 9گولوں سے شکست دے دی۔ اتوار کے روز دنیا کے بلند ترین پولو گراونڈ شندور میں کھیلی گئی اس میچ کے ابتدائی لمحات میں ہی چترال کے ارباب قلی نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلادی جبکہ نصر اللہ اوراظہار علی خان نے یکے بعد دیگرے دو مزید گول کرکے اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا۔ میچ کے پہلے ہاف تک مجموعی طور پر 6اور گللگت بلتستان نے 5گول کرلیا تھا۔ میچ کے دوسرے ہاف میں چترال نے ایک جبکہ گللگت بلتستان نے دو گول اسکور کرکے اسکور بورڈ کی پوزیشن 7-7کردی۔ مقررہ وقت کے احتتام پر دی گئی اضافی سات منٹوں کے دوران جان گسل مقابلے کے بعد چترال کے اظہار علی خان نے یکے بعد دیگر ے دو گول کرکے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔
مین آف دی میچ چترال کے اظہار علی خان کو قرار دیا گیا۔ چترال کی طرف سے ارباب قلی نے 3، نصر اللہ نے دو اور اظہار علی خان نے چار گول کئے۔ چترال کی ٹیم اربا ب قلی خان، اظہار علی خان، نصر اللہ، شہزاد احمد شاہ جی، امیر حمزہ اور کپتان اسرار ولی پر مشتمل تھا جبکہ گلگت کی ٹیم کپتان شیر اعظم، سردار، ذولفقار، اسلم، ناصر اور صدام راجی پر مشتمل تھا۔ گللگت بلتستان کے دو گھوڑے یکے بعد دیگر ے زخمی ہونے پر میچ کے آخری دس منٹوں میں دونوں ٹیم تین تین کھلاڑیوں پر مشتمل تھا جس میں چترال کی طرف سے امیر حمزہ اور ارباب قلی کو ڈراپ کئے گئے۔ کور کمانڈر 11کور پشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری نے جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی اور کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ فیسٹول میں چترال اور گلگت بلتستان سے کثیرتعداد میں تماشائی موجود تھے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ 2011ء سے چترال مسلسل اس مقابلے کا فاتح چلاآرہا ہے۔
فیسٹول کا اہتمام خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورزم اتھارٹی نے اپر اور لویر چترال کی ضلعی انتظامیہ چترال سکاوٹس اور قانون نافذکرنے والے اداروں کی تعاون سے کیا تھا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری نے کہاکہ دنیا کے بلند ترین پولو گراونڈ شندور میں اس فیسٹول کا انعقاد چترال اورگلگت بلتستان کے حکومتوں، عوام اور اداروں کے لئے اعزاز کی بات ہے جس کاسلسلہ 1914ء میں شروع کیا گیا تھااور یہ ایونٹ دونوں علاقوں کے عوام کے درمیان محبت کے رشتے کو مضبوط کرنے کا وسیلہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس ریجن میں پولو وہ کھیل ہے جس کا قانون یہ ہے کہ اس کا کوئی قانون نہیں ہے اور اس کے کھیلنے والے اور ان کے سپورٹرز میں جوش اور جذبہ اپنی انتہا کو پہنچ جاتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ پولو ایک کھیل ہی نہیں بلکہ ایک احساس اور جذبے کا نام ہے جس کانظیر پوری دنیا میں نہیں مل سکتی جس میں کھلاڑیوں اور تماشائیوں کے جذبات اپنی انتہاکو پہنچ جاتی ہیں۔ انہوں نے فیسٹول میں شریک ہونے والے غیر ملکی اور ملکی سیاحوں کے جذبے کو داد دیتے ہوئے کہاکہ انہیں ہرقسم کی سہولیات فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر اپر چترال کی طرف سے پیش کی گئی سپاسنا مے کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ چترال بونی شندور روڈ کی جلد از جلد تکمیل کے لئے یہ پراجیکٹ ناگزیر ہے جس کے لئے حکومت سے رابطہ کیا جائے گا۔ انہوں نے چترال میں کیڈٹ کالج کی قیام کے لئے بھی متعلقہ اداروں سے رجو ع کیا جائے گا۔