کارامبر پیک پہلی بار ریکارڈ، شبداراز کے 7 کوہ پیماؤں نے 5,515 میٹر بلند چوٹی سر کرلی
.
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) چترال کے مہم جو گروپ شبداراز نے بروغل میں واقع کارامبر جھیل کے اوپر 5,515 میٹر بلند کارامبر پیک، جسے مقامی طور پر خوئی سر کہا جاتا ہے، کی پہلی ریکارڈ شدہ کامیاب چڑھائی مکمل کرلی۔
گروپ کے مطابق ٹیم نے 21 اگست 2026 کو صبح 9 بج کر 40 منٹ پر ویسٹ رج کے راستے بغیر فکسڈ رسیوں اور اضافی سازوسامان کے الپائن طرز میں چوٹی سر کی۔
چوٹی سر کرنے والی ٹیم میں عارف شمشالی (ٹیم لیڈر)، اکمل نوید، ارحم رجا سلیم، برہان الدین، اویس احمد، نصیر زیب اور انضمام الحق شامل تھے۔ ارحم رجا سلیم نے اس مہم کے ذریعے مذکورہ چوٹی سر کرنے والی پہلی خاتون کوہ پیما ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
میڈیکل و ریسکیو ٹیم کے ارکان ثانیہ طاہر، صاحبزادہ شاہ رخ خان اور منیب زمان نے تقریباً 4,800 میٹر بلندی تک ٹیم کے ساتھ معاونت کی، جس کے بعد وہ واپس لوٹ گئے۔
شبداراز کے مطابق مہم کے دوران اختیار کیے گئے نئے راستے کو “شبداراز روٹ” کا نام دیا گیا ہے، جبکہ راستے کے دو مشکل مقامات کو ٹیم لیڈر عارف شمشالی اور ارحم رجا سلیم سے منسوب کرتے ہوئے “عارف وال” اور “رجا سٹیپ” کا نام دیا گیا۔
شبداراز گروپ کا کہنا ہے کہ اس مہم کا مقصد چترال کی غیر دریافت شدہ اور کم معروف بلند چوٹیوں کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنا، نئے کوہ پیمائی راستے متعارف کرانا اور نوجوان کوہ پیماؤں کو مہم جوئی کے نئے مواقع فراہم کرنا ہے۔
گروپ نے کارامبر پیک کی کامیاب مہم کو چترال میں کوہ پیمائی اور ایڈونچر ٹورازم کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
