سیرتِ رحمتُ للعالمین ﷺ ، لوئر چترال میں ضلعی سیرت کانفرنس کا انعقاد
.
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز) 12 ربیع الاول کے بابرکت اور پُرنور موقع پر ٹاؤن ہال چترال میں ضلعی سیرت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں سیرتِ طیبہ ﷺ کے مختلف گوشوں، آپ ﷺ کی حیاتِ مبارکہ، اخلاقِ حسنہ، تعلیماتِ نبوی ﷺ اور معاشرے میں ان تعلیمات کو عملی طور پر نافذ کرنے کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔ کانفرنس میں علمائے کرام، معززینِ علاقہ، نوجوانوں، سرکاری و سماجی شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
یہ بابرکت تقریب ضلعی انتظامیہ لوئر چترال کی زیرِ نگرانی، ڈسٹرکٹ یوتھ آفس ،کلرز اف چترال اور الحسین فاؤنڈیشن کے اشتراک سے منعقد ہوئی۔ کانفرنس کا بنیادی مقصد نوجوان نسل اور عوام کو سیرتِ رسولِ اکرم ﷺ سے روشناس کرانا، آپ ﷺ کی حیاتِ مبارکہ کے روشن اصولوں کو اجاگر کرنا اور معاشرے میں اخوت، محبت، رواداری، عدل و انصاف اور حسنِ اخلاق کو فروغ دینا تھا۔
تقریب میں قائم مقام ڈپٹی کمشنر لوئر چترال عبدالسلام نےبطور مہمان خصوصی شرکت کی۔جبکہ صدارت سیاسی وسماجی شخصیت الحاج عید الحسین نے کی۔ انجمن ترقی کھوار کے صدر عبد الولی خان ایڈوکیٹ، پروفیسر اسرار الدین ، مولانا اسرارالدین الہلال، شاہی خطیب مولانا خلیق الزمان ودیگر بھی مہمانوں میں شامل تھے۔
مقرریں نے اپنے خطاب میں کہا کہ سیرتِ طیبہ ﷺ پوری انسانیت کے لیے ایک مکمل اور بہترین نمونۂ حیات ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کو صرف تقریبات اور محافل تک محدود رکھنے کے بجائے اپنی روزمرہ زندگی، معاملات، اخلاق اور معاشرتی رویوں کا حصہ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ ہے، اس لیے انہیں سیرتِ نبوی ﷺ، اسلامی اقدار اور اعلیٰ اخلاقی اصولوں سے روشناس کرانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ضلعی سیرت کانفرنس کے انعقاد کو ایک مثبت اور قابلِ تحسین اقدام قرار دیتے ہوئے منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔
کانفرنس کے دوران علمائے کرام اور دیگر مقررین نے سیرتِ رسولِ اکرم ﷺ کے مختلف پہلوؤں پر ایمان افروز خطابات کیے۔ مقررین نے حضور نبی کریم ﷺ کی رحمت، شفقت، عفو و درگزر، صبر، عدل، حسنِ سلوک اور انسانیت سے محبت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ امتِ مسلمہ کی کامیابی اسی میں ہے کہ وہ نبی کریم ﷺ کی سنت اور اسوۂ حسنہ کو اپنی عملی زندگی میں اپنائے۔
اس موقع پر نعت خوانوں نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں عقیدت و محبت کے پھول نچھاور کرتے ہوئے نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی، جس سے تقریب کا ماحول روحانی اور پُرکیف ہوگیا۔ شرکائے کانفرنس نے بھی انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ نعتیہ کلام سنا۔
تقریب کے اختتام پر سیرتِ رسول ﷺ کے حوالے سے خدمات اور خوبصورت انداز میں نعت پیش کرنے والے مقررین اور نعت خوانوں میں اعزازی شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ منتظمین کی جانب سے شرکائے کانفرنس اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا گیا۔ بعد ازاں امتِ مسلمہ، ملک و قوم کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جس کے ساتھ ضلعی سیرت کانفرنس اختتام پذیر ہوگئی۔اسٹیچ کے فرائض پروفیسر ظہور دانش اور مفتی ضیا اللہ نے انجام دی۔
