اپر چترال میں جلسے، جلوس، ریلیوں، عوامی اجتماعات اور پانچ سے زیادہ افراد کے جمع ہونے پر دفعہ 144 نافذ
.
اپرچترال (نمائندہ چترال ٹائمز) ڈپٹی کمشنر و ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اپر چترال محمد عمران خان نے ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ہر قسم کے عوامی اجتماعات، جلسے جلوس، ریلیوں، مظاہروں، دھرنوں اور پانچ یا اس سے زائد افراد کے اجتماعات پر پابندی عائد کر دی ہے۔
جاری کردہ حکم نامے کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ضلعی انتظامیہ نے بعض علاقوں میں امن عامہ میں خلل، عوامی بے چینی اور سیکیورٹی خدشات کے امکانات کی نشاندہی کی تھی، جس کے پیش نظر فوری احتیاطی اقدامات ضروری سمجھے گئے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ضابطہ فوجداری (CrPC) کی دفعہ 144 کے تحت حاصل اختیارات استعمال کرتے ہوئے ضلع اپر چترال کی حدود میں ہر قسم کے جلسوں، جلوسوں، ریلیوں، احتجاجی مظاہروں، دھرنوں اور پانچ یا اس سے زائد افراد کے عوامی اجتماعات پر پابندی نافذ کی جاتی ہے۔
تاہم یہ پابندی سرکاری تقریبات، سرکاری اجلاسوں، ہنگامی خدمات انجام دینے والے اہلکاروں اور مجاز اتھارٹی کی تحریری اجازت سے منعقد ہونے والی سرگرمیوں پر لاگو نہیں ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یہ حکم فوری طور پر نافذ العمل ہوگا اور 15 روز تک مؤثر رہے گا۔ حکم نامے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 188 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

