اپر چترال سے افغان مہاجرین کی واپسی کا عمل جاری، دوسری کھیپ روانہ
اپرچترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) اپر چترال سے افغان مہاجرین کے انخلاء اور باعزت واپسی کا عمل مسلسل جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ اپر چترال صوبائی حکومت کے احکامات اور ہدایات کی روشنی میں افغان مہاجرین کو ان کے وطن واپس بھیجنے کے عمل میں مصروف عمل ہے۔
اسی سلسلے میں آج افغان مہاجرین کی واپسی کی دوسری کھیپ روانہ کی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف اینڈ ہیومن ریسورس محمد انور کے ہمراہ بونی میں افغان مہاجرین کی روانگی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر بونی اور دیگر ملحقہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے درجنوں افغان مہاجرین کا سامان ٹرکوں کے ذریعے تورخم بارڈر کی جانب روانہ کیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق کل بروزمنگل، 16 دسمبر 2025 کو افغان مہاجرین کو مکمل سرکاری خرچ پر ان کے وطن روانہ کیا جائے گا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اپرچترال کا کہنا تھا کہ افغان مہاجرین کی واپسی کا یہ عمل مکمل طور پر حکومتی نگرانی میں اور سرکاری وسائل کے تحت انجام دیا جا رہا ہے۔ اپر چترال کی ضلعی انتظامیہ افغان مہاجرین کی منظم، محفوظ اور باعزت واپسی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری انتظامات بروئے کار لا رہی ہے۔

