اپر چترال میں سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کی عمارتوں کی ساختی جانچ کا جائزہ، غیر محفوظ اسکولوں کی مرمت و تعمیر کے لیے پی سی ون تیار کرنے کی ہدایت
اپر چترال(نمائندہ چترال ٹائمز) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اپر چترال معظم خان بنگش کی زیرِ صدارت سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کی عمارتوں کی ساختی جانچ (Structural Assessment) کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تعلیمی اداروں کی عمارتوں کی حفاظت اور طلبہ و تدریسی عملے کو ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ پلاننگ آفیسر اپر چترال، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر میل و فی میل، سب ڈویژنل آفیسر محکمہ مواصلات و تعمیرات (C&W) اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران اپر چترال کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کی عمارتوں کو محفوظ یا غیر محفوظ قرار دینے کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹیوں کی سفارشات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع کے بعض سرکاری اسکولوں کی عمارتیں انتہائی خستہ حالی کا شکار ہیں، جن کی فوری مرمت یا ازسرِنو تعمیر ناگزیر ہے۔
اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے محکمہ مواصلات و تعمیرات (C&W) کو ہدایت کی کہ غیر محفوظ قرار دی گئی تمام سرکاری اسکولوں کی عمارتوں کے لیے ضروری تخمینہ جات اور پی سی ون (PC-I) تیار کرکے پیش کیے جائیں، تاکہ ان کی مرمت یا ازسرِنو تعمیر کے لیے بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔
اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ نجی تعلیمی اداروں کی عمارتوں سے متعلق مطلوبہ معلومات بھی موصول ہو چکی ہیں۔ متعلقہ ڈیٹا اور کمیٹیوں کی سفارشات کا جائزہ لینے کے بعد نجی اسکولوں کے سربراہان کو اجلاس میں طلب کیا جائے گا اور عمارتوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے ضروری فیصلے کیے جائیں گے۔ اس ضمن میں غیر محفوظ عمارتوں میں تعلیمی سرگرمیاں بند کرنے یا ضروری مرمت مکمل کرانے جیسے اقدامات بھی زیرِ غور لائے جائیں گے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل معظم خان بنگش نے واضح کیا کہ طلبہ و طالبات اور تدریسی عملے کی جان و سلامتی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔