انتہائی افسوسناک سانحہ، چترال اپر سے تعلق رکھنے والی معروف کانٹینٹ کریئٹر ثنا یوسف اسلام آباد میں قتل
اسلام آباد( نمائندہ چترال ٹائمز ) چترال سے تعلق رکھنے والی معروف کانٹنٹ کرئیٹر اور ٹیک ٹاکر ثنا یوسف کو اسلام آباد کے علاقے جی-13 میں نامعلوم ملزم نے گھر میں داخل ہو کر فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
ثنا یوسف کا تعلق اپر چترال کے علاقے چوئنج سے تھا اور وہ مشہور سماجی کارکن اور تحریک تحفظ حقوق چترال کے سرگرم رُکن یوسف حسن کی صاحبزادی تھیں۔
مقتولہ نے نہایت کم عمری میں بطورِ کانٹنٹ کریئٹر نام کمایا اور انسٹاگرام پر ان کے فالوورز کی تعداد لاکھوں میں ہیں ۔
دریں اثنا تحریک تحفظ حقوق چترال کی طرف سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ہمیں یہ جان کر گہرا صدمہ پہنچا ہے کہ سابق صدر تحریک تحفظ حقوق چترال (اسلام آباد چیپٹر)، نہایت خدمت گزار اور درد مند شخصیت یوسف حسن کی صاحبزادی کو گھر میں گھس کر نامعلوم ملزمان نے بے دردی سے قتل کر دیا ہے۔
ہم اس دل سوز واقعے پر یوسف حسن اور ان کے خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
یہ واقعہ نہ صرف چترال کے عوام بلکہ پوری قوم کے لیے ایک لمحۂ فکریہ ہے۔
اسلام آباد پولیس جرائم کی روک تھام میں مکمل ناکامی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے یوسف حسن کو انصاف فراہم کیا جائے ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں

