اپرچترال؛ شادیر میں حفاظتی پشتے کی تعمر کا کام بند کردیا گیا، عوام کا ضلعی انتظامیہ سے فوری بحالی کا مطالبہ، بصورت دیگر مستوج روڈ بلاک کرنے کی دھمکی
اپر چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) ریشن شادیر میں جاری سیفٹی پروٹیکشن وال اور ڈائیورژن منصوبے کا تعمیراتی کام اچانک رک گیا ہے، جس پر علاقہ مکینوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ چند غیر متعلقہ اور مفاد پرست عناصر کی جانب سے سوشل میڈیا پر ٹھیکیدار کے خلاف بے بنیاد اور گمراہ کن مہم کے بعد ٹھیکیدار نے کام بند کر دیا ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق شادیر کے متاثرہ عوام منصوبے اور جاری تعمیراتی کام سے مکمل طور پر مطمئن تھے، جبکہ ڈپٹی کمشنر اپر چترال بھی اس منصوبے کا موقع پر معائنہ کر چکے ہیں۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ جن افراد کی جانب سے منفی مہم چلائی جا رہی ہے، ان کے ٹھیکیدار کے ساتھ ذاتی تنازعات یا مالی مفادات وابستہ ہیں۔
مقامی لوگوں کے مطابق یہ منصوبہ شادیر کے عوام کی جان و مال کے تحفظ سے براہِ راست متعلق ہے، اور کام کی بندش سے علاقے میں شدید خدشات جنم لے رہے ہیں۔ عوام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر منصوبے کا کام فوری طور پر بحال نہ کیا گیا تو وہ مجبورن پُرامن احتجاج اور سڑک بلاک کرنے پر مجبور ہوں گے، جس کی ذمہ داری متعلقہ عناصر پر عائد ہوگی۔
عوامِ شادیر نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ منصوبے کا کام فوری طور پر بحال کروایا جائے، عوامی مفاد کے اس اہم منصوبے کو مزید تعطل سے بچایا جائے اور سوشل میڈیا پر بے بنیاد الزامات اور پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ وہ پُرامن ہیں تاہم اپنی سلامتی اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر آئینی و قانونی راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے۔
اتوار کے روز علاقہ مکینوں نے وی سی چیئرمین اشفاق احمد کی قیادت میں ایک اپنا احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو چوبیس گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے اپیل کی ہے کہ شادیر میں ڈائیورژن اور پروٹیکشن وال کا کام دوبارہ شروع کیا جائے بصورت دیگر علاقے کے عوام مستوج روڈ بلاک کرکے احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے۔


