پولیس اہلکاروں کے سیکیورٹی چیلنج الاؤنس میں اضافے کی تجویز، نوجوانوں کے لیے آئی ٹی تربیت اور روزگار کے مواقع بڑھانے پر زور، گورنر فیصل کریم کنڈی
.
پشاور (نمائندہ چترال ٹائمز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا پولیس نے بے مثال قربانیاں دی ہیں، جن کا اعتراف اور اہلکاروں کی فلاح و بہبود حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے پولیس اہلکاروں کی تنخواہوں میں اضافے کے لیے مجوزہ پیکج کی تیاری کا عمل تیز کرنے اور سیکیورٹی چیلنجز سے متاثرہ و حساس علاقوں میں تعینات اہلکاروں کو خصوصی ترجیح دینے کی ہدایت کی ہے۔
گورنر کی زیرِ صدارت پولیس کے سیکیورٹی چیلنج الاؤنس سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں مشیر خزانہ طارق محمود پاشا، آئی جی پولیس ذوالفقار حمید، سیکرٹری خزانہ ایاز خان سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں گورنر کو پولیس پیکج میں اضافے کی تجاویز اور اس پر آنے والے سالانہ مالی اخراجات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی، جبکہ خیبرپختونخوا پولیس اور دیگر صوبوں کی پولیس کی تنخواہوں کا تقابلی جائزہ بھی پیش کیا گیا۔
اس موقع پر گورنر نے کہا کہ پولیس فورس کو درپیش مسائل کے حل اور اہلکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے پولیس شہداء کے بچوں کے لیے کیڈٹ کالج کے قیام سے متعلق پیش رفت یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
.
خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کو جدید آئی ٹی تربیت اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے وفاقی تعاون حاصل کریں گے، گورنر
پشاور (نمائندہ چترال ٹائمز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ کی مشترکہ صدارت میں گورنر ہاؤس پشاور میں ڈیجیٹل ماسٹر پلان اور نیشنل ڈیجیٹل کمیشن سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں مشیر سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی عثمان سیف اللہ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر فخر عالم عرفان، سیکرٹری سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی نثار احمد سمیت متعلقہ وفاقی اور صوبائی حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے شرکاء کو ڈیجیٹل نیشن پاکستان اور نیشنل ڈیجیٹل ماسٹر پلان کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیشنل ڈیجیٹل کمیشن میں چاروں صوبوں کو نمائندگی دی گئی ہے، جبکہ وفاقی حکومت کے زیرِ انتظام ملک بھر میں 500 ڈیجیٹل پلیٹ فارمز فعال ہیں اور خیبرپختونخوا میں اس وقت 150 ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کام کر رہے ہیں۔
اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن وقت کی اہم ضرورت ہے اور پاکستان کی نوجوان آبادی میں خیبرپختونخوا کا حصہ نمایاں ہے۔ نوجوانوں کی صلاحیتوں اور توانائیوں کو مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں اور خواتین کو جدید آئی ٹی مہارتوں سے آراستہ کرکے معاشی طور پر خودمختار بنانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے آئی ٹی تربیتی پروگراموں میں خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کو بھی بھرپور مواقع فراہم کیے جائیں۔ وفاقی حکومت کے تعاون سے صوبے کے نوجوانوں کے لیے خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں گے اور اس سلسلے میں صوبائی محکمہ آئی ٹی کا وفاقی وزارتِ آئی ٹی کے ساتھ مسلسل رابطہ برقرار رہے گا۔
گورنر نے کہا کہ خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے ڈیجیٹلائزیشن کے شعبے میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ وفاقی حکومت کے تعاون سے صوبے میں مزید آئی ٹی پارکس قائم کرنے کا ارادہ ہے تاکہ نوجوانوں، بالخصوص خواتین کو جدید تربیت فراہم کرکے بااختیار بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ صوبے نے دہشت گردی سے سیاحت کی جانب سفر شروع کیا ہے اور اس کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کے لیے وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے۔
وفاقی وزیر شزہ فاطمہ خواجہ نے خیبرپختونخوا میں آئی ٹی کے شعبے کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومت کو ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیجیٹل اسکلز پروگرام کے تحت خیبرپختونخوا کے آٹھ لاکھ نوجوانوں کو تربیت فراہم کی جا چکی ہے۔ نوجوانوں اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے تاکہ وہ گھر بیٹھے آن لائن روزگار کے مواقع سے فائدہ اٹھا کر آمدن حاصل کر سکیں۔
