شندور کی حد بندی کا معاملہ دوبارہ اٹھانے سے بدامنی جنم لے سکتی ہے، ڈاکٹر عنایت اللہ فیضی اور شاہد علی خان
.
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) معروف دانشور ڈاکٹر عنایت اللہ فیضی اور قانون دان شاہد علی خان یفتالی ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان اور چترال کے درمیان شندور کے مقام پر حد بندی کا معاملہ دوبارہ اٹھانے سے علاقے میں تشویش، بے چینی اور بدامنی پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ اپنے مبینہ مقامی کارندوں کے ذریعے گلگت بلتستان میں غلط فہمیاں پیدا کرنے اور شندور کو متنازع بنانے کے لیے مہم چلا رہی ہے۔
ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی گورنر خیبرپختونخوا سے ملاقات کے دوران شندور کے درے کی حد بندی کا معاملہ اٹھائے جانے کے بعد چترال سے گلگت تک تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ان کے مطابق 1979ء کے بعد مختلف اوقات میں مخصوص عناصر کی جانب سے یہ معاملہ اٹھا کر غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوششیں کی جاتی رہی ہیں۔
دونوں شخصیات نے دعویٰ کیا کہ شندور تاریخی طور پر 1240ء میں سومالک کے دورِ حکومت سے چترال کا حصہ چلا آرہا ہے، جبکہ رئیس، خوش وقت اور کٹور خاندانوں کے ادوارِ حکومت میں بھی اس علاقے کی حد بندی برقرار رہی۔ ان کے مطابق 1975ء کے لینڈ کمیشن نے بھی سابقہ حد بندی برقرار رکھی تھی اور محکمہ مال کے ریکارڈ میں شندور چترال کا حصہ درج ہے۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ 1980ء میں شندور کے مقام پر فرنٹیئر کور کی جانب سے چترال اسکاؤٹس کی مستقل چوکی قائم کیے جانے کے بعد بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ نے شندور کو متنازع بنانے کی کوشش کی، تاہم ان کے بقول یہ کوشش کامیاب نہیں ہوسکی۔ انہوں نے کہا کہ لنگر کے مقام پر غذر اور لاسپور کے درمیان حد بندی موجود ہے، جبکہ لاسپور کے تقریباً 800 گھرانے اس علاقے میں آباد ہیں اور وہاں ان کے عبادت خانے بھی قائم ہیں۔
ڈاکٹر عنایت اللہ فیضی اور شاہد علی خان یفتالی ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ 1980ء سے 2015ء کے دوران حد بندی کا معاملہ جوائنٹ وزارتی کمیشن میں اٹھانے، چیف کورٹ گلگت میں مقدمہ دائر کرنے اور ایک خفیہ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کے ذریعے نئی حد بندی کی کوششیں بھی کی گئیں، تاہم ان کے مطابق یہ کوششیں کامیاب نہ ہوسکیں۔ انہوں نے بتایا کہ چیف کورٹ میں ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پشاور نے خیبرپختونخوا کے مؤقف کا دفاع کیا تھا، جس کا ریکارڈ بھی موجود ہے۔
انہوں نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان اور گورنر خیبرپختونخوا سے مطالبہ کیا کہ اس حساس معاملے پر کسی بھی قسم کی پیش رفت سے قبل متعلقہ سرکاری ریکارڈ طلب کرکے مکمل بریفنگ لی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی ذمہ داری پہلے سے موجود مسائل حل کرنا ہے، نہ کہ نئے تنازعات کو جنم دے کر بدامنی اور انتشار کے خدشات پیدا کرنا۔
دونوں رہنماؤں نے کہا کہ لنگر کے مقام پر اپر چترال اور غذر کے درمیان قائم حد بندی دونوں علاقوں کے عوام کے مابین بھائی چارے اور باہمی تعلقات کی علامت ہے، اسے بار بار متنازع بنانے سے گریز کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ لاسپور کے عوام کسی بھی غیر منصفانہ اقدام کی مزاحمت کریں گے اور مطالبہ کیا کہ اس حساس معاملے پر پیش رفت سے قبل لاسپور اور غذر کے عوام کو اعتماد میں لے کر باہمی اتفاقِ رائے پیدا کیا جائے۔