کالاش ویلیز میں پائیدار سیاحت کے فروغ کے لیے اسلام آباد میں ریسورس موبلائزیشن ورکشاپ کا انعقاد
اسلام آباد(نمائندہ چترال ٹائمز ) کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (KVDA) نے آغا خان فاؤنڈیشن پاکستان کے اشتراک سے آغا خان فاؤنڈیشن کمپلیکس، اسلام آباد میں ریسورس موبلائزیشن ورکشاپ کا کامیاب انعقاد کیا۔ ورکشاپ میں سفارت کاروں، ترقیاتی شراکت داروں، یونیسکو کے نمائندگان، منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی، ایڈیشنل سیکرٹری انٹر پروونشل کوآرڈینیشن ناصر اقبال، وائس چانسلر یونیورسٹی آف چترال پروفیسر ڈاکٹرحاضر اللہ ، جنرل عرفان ارشاد (صدر الپائن فاؤنڈیشن) اور سیاحت کے شعبے سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے شرکت کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی وزیراعظم کے مشیر برائے سیاحت سردار یاسر الیاس خان تھے، جبکہ رکن قومی اسمبلی اور وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے سیفران اسپندیار ایم بندارا نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
ورکشاپ کے دوران شرکاء کو KVDA کے اسٹریٹجک روڈ میپ، ہیبیٹاٹ پلانز اور کلاش ویلیز رسک پروفائل اٹلس پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس کے ساتھ KVDA کے کیپیٹل انویسٹمنٹ پلان کو بھی اجاگر کیا گیا تاکہ مختلف فنڈ پولز اور سرمایہ کاری کے ممکنہ مواقع تلاش کیے جا سکیں۔
سیکرٹری سیاحت سعادت حسن اور سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ حکومتِ خیبر پختونخوا سید ذوالفقار علی شاہ نے حکومتِ خیبر پختونخوا کی جانب سے پائیدار سیاحت کے فروغ کے اقدامات سے آگاہ کیا اور کلاش کمیونٹی کی ثقافتی شناخت کے تحفظ اور نمائندگی کی اہمیت پر زور دیا۔
مہمانِ خصوصی سردار یاسر الیاس خان نے اپنے خطاب میں وفاقی حکومت کے سیاحتی اقدامات کو اجاگر کرتے ہوئے KVDA کی کاوشوں کو سراہا اور خیبر پختونخوا بالخصوص کلاش ویلیز کو ایک نمایاں سیاحتی منزل بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ورکشاپ میں بڑی تعداد میں ترقیاتی شراکت داروں اور سیاحت کے کنسلٹنٹس نے شرکت کی، جنہوں نے کلاش ویلیز میں ثقافتی تحفظ اور پائیدار سیاحت کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔ اس موقع پر KVDA کی جانب سے مین سیرینا کمپلیکس میں کلاش ویلیز کی ثقافتی اور سیاحتی مصنوعات پر مشتمل ایک خصوصی اسٹال بھی قائم کیا گیا، جسے شرکاء اور مہمانِ خصوصی نے بے حد سراہا۔
ورکشاپ کے اختتام پر کیے گئے فیصلوں اور وعدوں پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے ایک ٹاسک فورس کے قیام کا اعلان کیا گیا، جو آئندہ اقدامات کو عملی شکل دینے میں کردار ادا کرے گی۔



