ریشن میں بجلی مسائل پر احتجاج، سڑک کئی گھنٹوں بند، مذاکرات کے بعد سڑک کھول دی گئی
۔
اپر چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) ریشن کے عوام نے بجلی کے نرخوں میں کمی، ایک میگاواٹ پن بجلی گھر کی تعمیر اور سابقہ بجلی بلوں کی معافی کے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور چترال مستوج روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔
اطلاع ملنے پر ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر مستوج عدنان حیدر ملوکی نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین سے مذاکرات کیے۔ اس موقع پر پولیس حکام، ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کے فوکل پرسن اور دیگر متعلقہ شخصیات بھی موجود تھیں۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ ریشن بجلی گھر، بجلی نرخوں اور بلنگ نظام سے متعلق مسائل گزشتہ کئی برسوں سے حل طلب ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عوامی مسائل کے مستقل حل کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
مذاکرات کے دوران مطالبات کے حل کے لیے انتظامیہ اور ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی کی جانب سے سنجیدہ اقدامات کی تحریری یقین دہانی کرائی گئی، جس کے بعد مظاہرین نے احتجاج ختم کرکے سڑک کھول دی۔ تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ اگر 18 جون تک مطالبات پر عملدرآمد نہ ہوا تو دوبارہ احتجاج کیا جائے گا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی مسائل کے حل کے لیے متعلقہ حکام سے رابطے میں ہے اور معاملے کے حل کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
دریں اثنا روڈ بلاک ہونے کے باعث دونوں اطراف میں پھنسے ہوئے درجنوں گاڑیاں اپنی اپنی منزلوں کی طرف رواں دواں ہوئے ۔

