ریشن میں بجلی کی ٹیرف کے خلاف احتجاجی جلسہ، دو گھنٹے بعد سڑک کھول دی گئی، علامتی بھوک ہڑتال شروع
.
اپر چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) ریشن پاور کمیٹی کے زیرِ اہتمام بجلی کے بھاری اور ظالمانہ ٹیرف کے خلاف جاری احتجاجی تحریک کے سلسلے میں ریشن میں احتجاجی جلسہ منعقد ہوا، جس میں علاقے کے عوام نے بھرپور شرکت کی۔ احتجاج کے دوران ریشن کے مقام پر شاہراہ کو تقریباً دو گھنٹے تک ٹریفک کے لیے بند رکھا گیا، تاہم بعد ازاں سڑک کھول دی گئی، جس کے بعد ٹریفک کی روانی بحال ہوگئی۔
اس موقع پر ریشن پاور کمیٹی نے بجلی کے بھاری ٹیرف کے خلاف اپنے مطالبات کے حق میں علامتی بھوک ہڑتال بھی شروع کردی۔ پاور کمیٹی کے مطابق علامتی بھوک ہڑتال 24 ستمبر تک جاری رہے گی۔
احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے بجلی کے موجودہ ٹیرف پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ریشن کے عوام کو مقامی بجلی گھر سے پیدا ہونے والی بجلی کے لیے مناسب، منصفانہ اور قابلِ قبول ٹیرف فراہم کیا جائے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ مقامی سطح پر پیدا ہونے والی بجلی کے باوجود بھاری ٹیرف عوام کے لیے ناقابلِ برداشت ہے، اس لیے بجلی کے نرخوں پر فوری نظرثانی کی جائے۔
ریشن پاور کمیٹی نے واضح کیا کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاجی تحریک مختلف مراحل میں جاری رکھی جائے گی اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان حالات کے مطابق کیا جائے گا۔
