ریشن میں پاور کمیٹی کا اہم اجلاس، 18 جولائی کو بھرپور احتجاج کا اعلان
ریشن (شہزاد احمد) ریشن پاور کمیٹی کا ایک اہم اجلاس ریٹائرڈ صبدار عزیز محمد کے رہائش گاہ میں منعقد ہوا جس میں پاور کمیٹی ریشن کے تمام اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت ریٹائرڈ پرنسپل صاحب الرحمن نے کی۔
اجلاس کا بنیادی مقصد ریشن میں بجلی کے بلوں میں بے تحاشہ اضافے کے خلاف جاری احتجاج کی حکمت عملی طے کرنا تھا۔ یاد رہے کہ یہ احتجاج اُس وقت شروع ہوا جب ریشن پاؤر ہاؤس کو پیڈو اور پیسکو کے درمیان الجھاکر صارفین پر اضافی مالی بوجھ ڈال دیا گیا۔ گزشتہ تین سالوں سے علاقے کے عوام مہنگے بلوں کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔
پاور کمیٹی نے اس بات پر شدید تشویش کا اظہار کیا کہ مقامی حکومت اور متعلقہ محکمے عوامی مطالبات کو مسلسل نظر انداز کر رہے ہیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ایک ماہ قبل 18 جولائی کی ڈیڈلائن کے ساتھ پرامن احتجاج کا الٹی میٹم دیا گیا تھا، جو اب قریب آچکا ہے۔
اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ ریشن کے عوام اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے 18 جولائی کو رمداس چوک میں بھرپور احتجاجی جلسہ کریں گے۔ اس حوالے سے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
پاور کمیٹی نے مقامی انتظامیہ اور حکومتی نمائندوں کو خبردار کیا ہے کہ اگر 18 جولائی سے قبل عوامی مطالبات کو سنجیدگی سے نہ لیا گیا اور عملی اقدامات نہ کیے گئے تو کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ اداروں اور حکام پر عائد ہوگی۔
اجلاس کے اختتام پر ریٹائرڈ پرنسپل صاحب الرحمن نے کہا کہ ریشن کے عوام اپنے جائز حق کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور پرامن احتجاج کے ذریعے اپنا قانونی اور آئینی حق حاصل کرنے کی بھرپور کوشش جاری رکھیں گے۔
