سندھ حکومت کی جانب سے چترال کے سیلاب متاثرین کے لیے 10 ٹرک امدادی سامان پشاور پہنچ گئے
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) حکومتِ سندھ کی جانب سے چترال کے سیلاب متاثرین کے لیے 10 ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان پشاور پہنچا دیا گیا، جہاں یہ سامان گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے حوالے کیا گیا۔
امدادی سامان میں خوراک، پینے کا پانی، خیمے اور دیگر ضروری نان فوڈ آئٹمز شامل ہیں، جو پاکستان ہلال احمر خیبرپختونخوا کے ذریعے چترال کے متاثرہ علاقوں میں پہنچا کر مستحق خاندانوں میں تقسیم کیے جائیں گے۔
امدادی سامان کی حوالگی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سندھ حکومت نے ہر مشکل گھڑی میں خیبرپختونخوا کا ساتھ دیا ہے اور چترال کے سیلاب متاثرین کے لیے امداد کی درخواست پر فوری طور پر ریلیف سامان روانہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے بھیجے گئے 10 ٹرک امدادی سامان متاثرین تک پہنچایا جائے گا، جس پر انہوں نے سندھ حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
گورنر خیبرپختونخوا نے این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا سے چترال میں بحالی کے عمل کو تیز کرنے جبکہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) سے سیلاب سے متاثرہ سڑکوں کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا سیلاب سے شدید متاثر ہونے والا صوبہ ہے، تاہم این ڈی ایم اے کے 11 ریلیف ویئر ہاؤسز میں صرف ایک نوشہرہ میں قائم ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملاکنڈ اور ڈی آئی خان میں بھی ریلیف ویئر ہاؤسز قائم کیے جائیں تاکہ ہنگامی صورتحال میں متاثرین کو فوری امداد فراہم کی جاسکے۔
گورنر نے کہا کہ امدادی سرگرمیوں میں سیاست نہیں ہونی چاہیے اور متاثرین تک بروقت امداد پہنچانا اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے وفاقی و صوبائی حکومتوں اور فلاحی اداروں سے چترال کے متاثرین کی مدد کے لیے مزید آگے آنے کی اپیل کی۔
انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سے بھی مطالبہ کیا کہ متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر امدادی ٹیمیں روانہ کی جائیں جبکہ صوبائی وزراء اور ڈپٹی اسپیکر چترال کا دورہ کرکے امدادی و بحالی سرگرمیوں کی نگرانی کریں۔
تقریب میں پاکستان پیپلزپارٹی خیبرپختونخوا کے صوبائی صدر محمد علی شاہ باچا، چیئرمین ہلال احمر خیبرپختونخوا فرزند علی وزیر اور سیکرٹری ہلال احمر خیبرپختونخوا سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔
