چترال کے طول و عرض میں بارش جاری، زلزلے کے جھٹکے ، مون سون بارشوں کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کے زیر صدارت اجلاس ، لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات کا جائزہ
۔
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) چترال ٹاون سمیت مضافات میں دو دن کے وقفے سے بارش کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا ہے ، تیز اور موسلادھار بارش کے نتیجے میں پہاڑی پتھر گرنے ، لینڈ سلائڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ چترال پشاور روڈ ، چمرکن، دروش ، کلدام ودیگر مقاما ت جذوی طور پر بند رہنے کے بعد دوبارہ کھول دیا گیا، اخری اطلاع تک لواری ٹنل ایریا میں برف باری جاری ہے ، تاہم ٹریفک بھی روان دواں ہے ۔
دریں اثنا چترال کے طول وعرض میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیئے گئے جس کی شدت 6.1 ریکارڈ کی گئی، تاہم اس خبر کو فائل کرنے تک کہیں سے نقصانات کی اطلاع نہیں ہے۔

بارشوں کے حوالے سے اثنا ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راو ہاشم عظیم کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مون سون 2026 کے دوران ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ اور حساس مقامات کو لاحق خطرات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رفعت اللہ خان، اے کے اے ایچ کے نمائندگان اور دیگر متعلقہ لائن ڈیپارٹمنٹس کے افسران نے شرکت کی۔ موجودہ بارشوں اور ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ کے تناظر میں مواصلاتی نظام کی بہتری، واٹر چینلز اور نالوں کی صفائی، ارلی وارننگ سسٹمز، مشینری کی دستیابی، طبی کیمپس کے قیام اور ادویات کی فراہمی جیسے حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار رہیں۔ ریسکیو 1122، ٹی ایم ایز، سی اینڈ ڈبلیو، کے وی ڈی اے اور این ایچ اے سمیت تمام ادارے اپنی مشینری اور وسائل ہر وقت دستیاب رکھیں تاکہ ممکنہ خطرات کے اثرات کو کم سے کم کیا جا سکے۔

