ایم پی اے چترال فاتح الملک علی ناصر کی گرفتاری کے خلاف پی ٹی آئی کے سینکڑوں کارکنان کا سینٹرفلک ناز ودیگر کی قیادت میں احتجاجی ریلی اور پریس کانفرنس
۔
چترال (نمائند ہ چترال ٹائمز ) ایم پی اے چترال فاتح الملک علی ناصر کی گرفتاری کے خلاف پی ٹی آئی کے سینکڑوں کارکنان نے احتجاجی جلوس نکالا جس کی قیادت سنیٹر فلک ناز، پارٹی کے سیکرٹری سید فرید جان اور دوسرے رہنما نوید احمد بیگ، شاہد احمد، ہارون خان، حیات الرحمن، شفیق الرحمن، محمد قاسم، نبیگ شراکٹ، نذیر احمد، شاہ زیب عالم اور دوسرے کررہے تھے۔ جلوس کے شرکاء نعرہ بازی کرتے ہوئے چترال پریس کلب پہنچے جہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ 30ہزار عوام کا منتخب نمائندہ اور شاہی خاندان کے چشم وچراغ فاتح الملک علی ناصر کی گرفتاری ملک میں ظلم اور فسطائیت کا بدترین مثال ہے جسے ہر گز قبول نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ گرفتاریوں اور دوسرے ہتھکنڈوں سے پی ٹی آئی کے کارکنوں کے جذبے کو دبایا نہیں جاسکتا جوکہ اپنے قائد عمران خان کو جیل کی سلاخوں سے چھڑانے کے لئے جان ہتھیلی پر رکھتے ہوئے 27ستمبر کو اسلام آباد پہنچ جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ لاقانونیت کی انتہایہ ہے کہ خیبر پختونخوا کے چیف منسٹرکو بھی غائب کردیا گیا ہے اور یہ ظلم وبربریت ملک پر مارشل لاء کے دور میں بھی نہیں ہوئی۔ انہوں نے فاتح الملک علی ناصر کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا اور کہاکہ ایک فاتح الملک کو گرفتار کروگے تو ملک بھر میں کروڑوں فاتح الملک میدان کو گرم کرنے کے لئے پھر بھی موجود ہیں۔ سنیٹر فلک ناز نے کہاکہ عمران خان پاکستان کے غریب عوام کی امیدوں کا مرکز اور عالم اسلام کا عظیم قائد ہے لیکن انہیں راستے سے ہٹانے کے لئے جوکچھ گندہ کھیل کھیلا جارہا ہے، وہ کبھی بھی کامیاب نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ لاٹھی گولے کی سرکار کے جانے کا وقت آن پہنچا ہے اور پاکستان کے 25کروڑ عوام کی دلوں کا دھڑکن عمران خان بہت جلد آزاد ہوں گے اور ملک دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔
