چترال میں پاکستان تحریک انصاف کا عوامی طاقت کا مظاہرہ، عمران خان سے والہانہ اظہارِ یکجہتی
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے چترال میں ایک عظیم الشان جلسہ عام منعقد کرکے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ چترالی عوام آج بھی عمران خان کے نظریے کے ساتھ ثابت قدم اور پرعزم کھڑے ہیں۔ چترال لوئیر کے ایم پی اے فاتح الملک علی ناصر، سابق ایم پی اے بی بی فوزیہ ، سینئر رہنما رضیت باللہ ودیگر ریلی کی قیادت کررہے تھے۔ جبکہ اپر چترال سے کارکنان ریلی کی شکل میں چترال لوئیر کے جلسہ میں شرکت کی۔
پاکستان تحریک انصاف اپر چترال کے صدر شہزادہ سکندر الملک، ایم پی اے اپر چترال و ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی ثریا بی بی، جنرل سیکریٹری علاؤالدین عرفی، تحصیل چیئرمین موڑکہو/تورکہو جمشید میر، تحصیل چیئرمین مستوج سردار حکیم اور دیگر پارٹی قائدین کی قیادت میں درجنوں گاڑیوں پر مشتمل ورکرز کا قافلہ لوئر چترال پہنچا، جہاں ایک شاندار جلسے کا انعقاد کیا گیا۔
جلسے سے خطاب کرنے والوں میں ثریا بی بی (ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی)، سردار حکیم (تحصیل چیئرمین مستوج) علاؤالدین عرفی (جنرل سیکریٹری پی ٹی آئی اپر چترال) شہزادہ امان (صدر پی ٹی آئی لوئر چترال)۔ فاتح الملک علی ناصر (ایم پی اے لوئر چترال)، میر جمشید (تحصیل چیئرمین موڑکہو/تورکہو) ، محمد شریف خان (رہنما پی ٹی آئی)، فرید جان (تحصیل چیئرمین دروش)، شامل تھے، جبکہ جلسے میں سابق ایم پی اے فوزیہ بی بی،رحمت غازی، خواجہ آفتاب، راضیت باللہ اور خواتین ونگ کی نمایاں شخصیات نے بھی بھرپور شرکت کی اور اظہارِ خیال کیا۔
جلسے میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے نعروں، بینرز اور پرجوش نعروں سے عمران خان کے ساتھ اپنی محبت، وفاداری اور حمایت کا واضح پیغام دیا۔شرکاء نے کہا کہ “عمران خان گزشتہ دو برسوں سے ناحق قید کاٹ رہے ہیں، اور چترال کے عوام ہر قربانی کے لیے تیار ہیں۔”
شرکاء نے چترال سے منتخب ایم این اے کے ساتھ بھی یکجہتی کا اظہار کیا، جنہیں ایک “جعلی مقدمے” میں سزا دے کر نااہل قرار دیا گیا۔ عوام کا کہنا تھا کہ وہ ایسے فیصلے مسترد کرتے ہیں اور اپنے نمائندے کے ساتھ ہر فورم پر کھڑے رہیں گے۔
جلسے کا اختتام سابق ضلعی صدر پی ٹی آئی چترال، رحمت غازی کی دعائیہ کلمات کے ساتھ کیا گیا، جس میں ملکی سالمیت، عمران خان کی رہائی اور پارٹی کی کامیابی کے لیے دعائیں کی گئیں۔




