لوئر چترال پولیس کی کارروائی، پنجاب سے آئے پیشہ ور بھکاری واپس روانہ کردیا گیا
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) لوئر چترال پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دروش بازار میں موجود پنجاب کے ضلع لودھراں سے آئے ہوئے پیشہ ور بھکاریوں کو واپس ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال رفعت اللہ خان کی خصوصی ہدایات پر دروش پولیس نے مختلف مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے غیر مقامی افراد کی جانچ پڑتال کی۔ ویریفیکیشن کے بعد پیشہ ور بھکاریوں کو دروش تھانے منتقل کیا گیا، جہاں قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد انہیں واپس ان کے آبائی علاقوں کو بھیج دیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ ملکی سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ضلع میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے نگرانی کا عمل مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔
لوئر چترال پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اپنے علاقوں میں کسی بھی غیر مقامی مشکوک فرد کی موجودگی کی فوری اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن کو دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
دریں اثنا مختلف مکاتب فکر نے پولیس کی اس بروقت کاروائی کو سراہتے ہوہے کہا ہے کہ ڈاون ڈسٹرکٹ کے پیشہ ور بھکاریوں کو لواری ٹنل سے ہی واپس کیا جائے .
