پرنسپل کامرس کالج چترال پروفیسر صاحب الدین کی گریڈ 21 میں ترقی
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج آف منیجمنٹ سائنسز (کامرس کالج) چترال کے پرنسپل پروفیسر صاحب الدین کو گریڈ 21 میں ترقی دے دی گئی ہے۔ کامرس ایجوکیشن کے شعبے میں یہ اعزاز حاصل کرنے والے وہ علاقے کی پہلی شخصیت بن گئے ہیں۔
پروفیسر صاحب الدین کا تعلق مستوج، اپر چترال سے ہے اور وہ طویل عرصے سے تعلیمی میدان میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، انتظامی تجربے اور تدریسی خدمات کے اعتراف میں انہیں بی ایس 21 پر ترقی دی گئی ہے، جسے تعلیمی حلقوں میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
اساتذہ، طلبہ اور سماجی و تعلیمی حلقوں نے پروفیسر صاحب الدین کو اس نمایاں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ وہ مستقبل میں بھی تعلیمی معیار کی بہتری اور ادارے کی ترقی کے لیے اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔
