چترال میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ پر پاکستان پیپلز پارٹی کا اظہار تشویش، چترال میں بجلی کی وافر پیداوار کے باوجود لوشیڈنگ سمجھ سے بالاتر ہے۔ قاضی فیصل جنرل سیکریٹری
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) پاکستان پیپلز پارٹی لویر چترال کے جنرل سیکریٹری قاضی فیصل نے لوئر چترال میں جاری شدید اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی نااہلی اور بے حسی کی بدترین مثال چترال جیسے سرد علاقے میں بجلی کی طویل بندش ہے، جہاں عوام پہلے ہی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ منگل کے روز جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں انہوں نے کہا ہے کہ 10سے 12گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نہ صرف عوام کی روزمرہ زندگی کو مفلوج کر رہی ہے بلکہ مقامی معیشت، تعلیم اور صحت کے نظام کو بھی تباہ کر رہی ہے۔ چترال میں ۱۰۸ میگاواٹ کا بجلی گھر، گرمیوں میں جب پانی کی دستیابی اور بجلی کی پیداوار ممکن ہو، اس وقت بھی بجلی کی قلت سمجھ سے بالاتر ہے۔پیپلز پارٹی کے رہنمانے حکومت سے مطالبہ کیا کہ لوئر چترال میں جاری غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کو فوری طور پر بند کیا جائے اور بجلی کی سپلائی میں بہتری کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں تاکہ علاقے کے لیے ایک مستقل اور پائیدار توانائی پلان تشکیل دیا جائے تاکہ مستقبل میں اس قسم کی صورتحال پیدا نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی جماعت ہے اور ہم چترال کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اگر حکومت نے فوری ایکشن نہ لیا تو ہم احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔