پولو گراونڈ کے ناخوشگوار واقعے کو 24 گھنٹوں میں حل کیا گیا، ڈی سی مقبول حسین کی کوششیں قابلِ تحسین، چیف کوچ آفتاب عالم
.
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) چترال پولو کے چیف کوچ آفتاب عالم نے کہا ہے کہ چترال پولو گراؤنڈ میں گزشتہ روز پیش آنے والا ناخوشگوار واقعہ کھیل کے شایانِ شان نہیں تھا، تاہم ڈپٹی کمشنر لوئر چترال مقبول حسین کی ذاتی کوششوں سے اسے 24 گھنٹوں کے اندر خوش اسلوبی سے حل کرلیا گیا، جو قابلِ تحسین اقدام ہے۔
چترال ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے آفتاب عالم نے کہا کہ پولو چترال کی ثقافت اور شناخت کا اہم حصہ ہے، اس لیے کھلاڑیوں کو کھیل کے دوران جوش کے ساتھ تحمل اور ایک دوسرے کے احترام کا بھی مظاہرہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز دو کھلاڑیوں کے درمیان تلخی اور ہاتھا پائی کا واقعہ پیش آیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد شدید تنقید کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ معروف پولو پلیئر اظہر علی، جو چترال کے ہر مکتبہ فکر میں مقبول اور پسندیدہ کھلاڑی ہیں، بھی اس معاملے میں میدان میں آگئے، جس پر انہیں بھی سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم خوش آئند امر یہ ہے کہ معاملے کو مزید طول دینے کے بجائے فوری طور پر حل کرلیا گیا۔
آفتاب عالم نے کہا کہ پولو کے میدان میں اس نوعیت کے واقعات ماضی میں بھی کبھی کبھار پیش آتے رہے ہیں، تاہم گزشتہ روز کے واقعے کو فوری طور پر ختم کرانے اور دونوں فریقوں کے درمیان صلح کرانے کے لیے ڈپٹی کمشنر لوئر چترال مقبول حسین نے جس ذاتی دلچسپی کا مظاہرہ کیا، وہ قابلِ تعریف ہے۔
آفتاب عالم نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر مقبول حسین کی کوششوں سے دونوں فریق اسسٹنٹ کمشنرز اور پولیس افسران کی موجودگی میں ایک دوسرے سے معذرت کرکے بغل گیر ہوگئے اور معاملہ ختم ہوگیا۔
انہوں نے ڈپٹی کمشنر مقبول حسین، اسسٹنٹ کمشنرز اور پولیس افسران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بروقت مداخلت سے ایک ناخوشگوار واقعے کو مزید بڑھنے سے روک دیا گیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ کھلاڑی کھیل کے وقار اور چترال کی پولو روایات کو ہمیشہ مقدم رکھیں گے۔اور کھیل کو کھیل ہی رہنے دیں گے ،