چترال میں انسداد پولیو مہم کا آغاز، ڈپٹی کمشنر لوئیر چترال راو ہاشم عظیم کی زیر صدارت پہلے روز کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) صوبے کےدیگر حصوں کی طرح چترال لوئیر اور اپر میں بھی انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا ہے،جہاں پانچ سال تک عمر کے بچوں کو پولیوسے بچاو کےقطرے پلوائے جارہے ہیں، اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر لوئیر چترال راو ہاشم عظیم کی زیر صدارت انسدادِ پولیو مہم کے پہلے روز کی کارکردگی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلعی انتظامیہ کے افسران , محکمہ صحت کے افسران، پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران مہم کے پہلے روز کی پیش رفت، ٹیموں کی کارکردگی، رپورٹنگ سسٹم، سیکورٹی انتظامات اور مانیٹرنگ کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر کو دن بھر کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ مہم کے دوران کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے تمام محکموں کی مربوط کوششیں اور والدین کا تعاون نہایت ضروری ہے۔
انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے ضرور پلائیں اور انسدادِ پولیو ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں تاکہ پولیو کے خاتمے کا ہدف حاصل کیا جا سکے۔
دریں اثنا مہم کے پہلے روز مختلف مقامات پر انسداد پولیو ٹیموں کی کارکردگی اور کوریج کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبد السلام نے پولیو ٹیموں کی حاضری، کارکردگی اور ویکسینیشن کوریج کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پولیو ٹیموں کو مہم کے دوران مؤثر حکمتِ عملی اپنانے اور مائیکرو پلان کے مطابق گھر گھر جا کر پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی ہدایت کی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے اس بات پر زور دیا کہ ہدف کے سو فیصد حصول کے لیے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں تا کہ کوئی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہے۔

