چترال میں تین روزہ انسدادِ پولیو مہم کا آغاز، پہلے روز مقررہ ہدف کا 90 فیصد حاصل
۔
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) اپر اور لوئر چترال میں تین روزہ انسدادِ پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز ہوگیا، جس کا افتتاح ڈپٹی کمشنر اپر چترال احسان اللہ اور ڈپٹی کمشنر لوئرچترال نے ہیڈکوارٹر بونی میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر کیا۔ مہم 21 سے 23 ستمبر 2026 تک جاری رہے گی، جبکہ پہلے روز مقررہ ہدف کا 90 فیصد حاصل کرلیا گیا اور کسی انکاری کیس یا سکیورٹی سے متعلق شکایت کی اطلاع نہیں ملی۔
افتتاح کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کے افسران، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اپر چترال ڈاکٹر فیاض رومی اور دیگر متعلقہ حکام موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر احسان اللہ نے والدین سے اپیل کی کہ پانچ سال سے کم عمر تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں اور پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔
اسی طرح ڈپٹی کمشنر کی ہدایات پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز مستوج افضل علی نے ارایچ سی مستوج اور موڑکہو/تورکہو الیاس احمد نے رورل ہیلتھ سنٹر دراسن موڑکہو میں منعقدہ مارننگ اسمبلی میں شرکت کی اور پولیو ٹیموں کو مائیکرو پلان کے مطابق گھر گھر جاکر بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے ٹیمیں اپنی ذمہ داریاں پوری سنجیدگی اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں۔
دریں اثنا انسدادِ پولیو مہم کے پہلے روز کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر اپر چترال احسان اللہ کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، ایس پی انویسٹیگیشن، ڈسٹرکٹ پولیو آفیسر اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیو آفیسر نے پہلے روز کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مہم کا پہلا دن مجموعی طور پر کامیاب رہا اور مقررہ ہدف کا 90 فیصد حاصل کیا گیا۔ بریفنگ کے مطابق مہم کے دوران کسی قسم کے انکاری کیس یا سکیورٹی سے متعلق شکایت بھی موصول نہیں ہوئی۔
ڈپٹی کمشنر احسان اللہ نے پولیو ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ مہم کے باقی دنوں میں بھی اسی جذبے اور ذمہ داری کے ساتھ کام جاری رکھا جائے تاکہ پانچ سال سے کم عمر کوئی بھی بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے سے محروم نہ رہے۔
۔
دریں اثنا لوئیر چترال میں بھی انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا ، انسدادِ پولیو مہم کا پہلا روز بھرپور انداز میں جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر لوئر چترال مقبول حسین کی ہدایات پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) عبدالسلام کی نگرانی میں مہم کی موثر مانیٹرنگ جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے مہم کے افتتاح کے موقع پر مارننگ اسمبلی میں شرکت کی اور بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے۔ ضلعی انتظامیہ کے افسران نے چترال اور دروش کے مختلف علاقوں میں فیلڈ دورے کرکے پولیو ٹیموں کی حاضری، روٹ پلان، گھر گھر ویکسی نیشن، بچوں کی کوریج، فنگر و ڈور مارکنگ، مسنگ چلڈرن، انکاری کیسز، فکسڈ و ٹرانزٹ پوائنٹس، کولڈ چین اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
دریں اثنا ڈپٹی کمشنر لوئر چترال مقبول حسین کی زیرِ صدارت انسدادِ پولیو مہم کے پہلے روز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ایوننگ ریویو اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں ضلعی انتظامیہ، پولیس، محکمہ صحت اور متعلقہ لائن ڈیپارٹمنٹس کے افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر کو مہم کے پہلے روز کی مجموعی کارکردگی، ویکسینیشن کوریج اور فیلڈ پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی، جبکہ پولیو ٹیمز کی کارکردگی، مسڈ چلڈرن، فنگر و ڈور مارکنگ، کولڈ چین، ڈیٹا کوالٹی، سیکیورٹی اور فیلڈ مانیٹرنگ کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے ہر بچے تک ویکسین کی رسائی، مسڈ چلڈرن کی فوری کوریج، ڈیٹا کی درستگی، مؤثر فیلڈ مانیٹرنگ، مسلسل فالو اَپ اور پولیو ٹیمز کے لیے مؤثر سیکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایات کیں۔

