اپر چترال میں مسلم لیگ (ن) خواتین ونگ کی تنظیمی سرگرمیوں کا آغاز
۔
اپر چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) پاکستان مسلم لیگ (ن) خواتین ونگ ضلع اپر چترال کا پہلا باضابطہ اجلاس ضلع صدر بی بی نور شابہ کی زیر صدارت مقامی گیسٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔
اجلاس کے دوران خواتین ونگ کی نومنتخب عہدیداروں میں تقرری نامے تقسیم کیے گئے جبکہ ضلع میں خواتین ونگ کی تنظیمی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز بھی کر دیا گیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بی بی نور شابہ نے کہا کہ جلد ہی اپر چترال کی تینوں تحصیلوں میں تنظیمی ڈھانچہ مکمل کرکے کابینہ سازی کا عمل پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین ونگ پارٹی کو مزید فعال اور مضبوط بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی اور کارکنان گاؤں گاؤں جا کر پارٹی کا منشور عوام تک پہنچائیں گی۔
اجلاس میں مسلم لیگ (ن) اپر چترال کے جنرل سیکرٹری مہترزادہ پرنس سلطان الملک، تحصیل مستوج کے صدر جاوید لال، سینئر کارکنان شفیق الرحمن اور تاج احمد نے بھی شرکت کی۔ مقررین نے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے خواتین ونگ کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

