چترال: مسلم لیگ (ن) آنے والے الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی، شہزادہ افتخار الدین
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) سابق رکنِ قومی اسمبلی شہزادہ افتخار الدین نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) چترال میں آنے والے عام انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔ جبکہ کارکنوں کو متحرک کرنے کے لیے اہم اجلاس آئندہ ہفتوں میں منعقد کیے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ صوبائی صدر مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام نومبر کے پہلے ہفتے میں ایک روزہ دورے پر چترال تشریف لا رہے ہیں۔
اپنے اس دورے کے دوران وہ چترال میں پارٹی کے ورکرز، ضلعی و تحصیلی عہدہ داران اور ہم خیال سیاسی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔
اجلاس میں چترال کی سیاسی صورتحال، انتخابی حکمتِ عملی اور آئندہ الیکشن کے لائحہ عمل پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔
شہزادہ افتخار الدین نے مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر ہری پور یا چترال کی نشستوں سے متعلق پھیلنے والی غیر مصدقہ خبروں پر توجہ نہ دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پارٹی اپنی سیاسی سرگرمیوں کو منظم انداز میں آگے بڑھا رہی ہے، اور جلد ہی اہم فیصلے پارٹی قیادت کی مشاورت سے کیے جائیں گے۔
