وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا بجلی کے بلز میں شامل پی ٹی وی فیس ختم کرنے کا اعلان
اسلام آباد( نمائندہ چترال ٹائمز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بجلی کے بلز میں شامل پی ٹی وی فیس ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی صارفین کے حقوق کا تحفظ کریں گے،اپنا میٹر اپنی ریڈنگ منصوبے کا اجرا باعث اطمینان ہے،یہ اقدام شہریوں کو باختیار بنانے کے ساتھ ساتھ ادارہ جاتی اصلاحات کی جانب اہم سنگ میل ہے،بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لئے اقدامات اہم ترجیح ہے،توانائی کے شعبہ میں بجلی چوری اہم مسئلہ ہے جسے حل کرنا ہے،پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جہاں تیزی سے سولرائزیشن ہورہی ہے۔وہ اتوار کو یہاں اپنا میٹر اپنی ریڈنگ ایپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔
وزیر اعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنا میٹر اپنی ریڈنگ سلسلہ وار انقلابی اصلاحات کا حصہ ہے جو وزارت بجلی میں ایک سال سے اویس لغاری اور ان کی ٹیم کی شبانہ روز محنت کا نتیجہ ہے۔محکمہ بجلی میں بے پناہ اصلاحات ہوئیں ابھی مزید سفر طے کرنا ہے۔ہم نے ڈسکوز کے بورڈز میں انقلابی تبدیلیاں کیں،کرپٹ مافیا کے خلاف ٹھوس اقدامات کیے گئے،بجلی کی قیمتیں کم کرنے کے لئے وزیر اور ٹاسک فورس نے بے پناہ محنت کی۔پاکستانی آئی پی پیز سے بات چیت کی اور یہ دشوار گزار مرحلہ ایک اچھے،شفاف طریقے سے طے کیا جارہا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے بنکوں کے ساتھ بات چیت سے گردشی قرضہ پر شرح سود پر بات کی گئی اور یہ مرحلہ بھی خوش اسلوبی سے طے پایا۔وزیر اعظم نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی گرتی قیمتوں کا فائدہ بجلی کی قیمت میں کمی لانے کے لئے استعمال کیاگیا۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ری بیسنگ کے حوالے سے خدشہ تھا کہ دوبارہ پچاس سے 70 پیسے فی یونٹ اضافہ ہوجائے گا ہم نے وہ طریقہ تلاش کیا تاکہ ری بیسنگ بھی ہوجائے اور قیمت میں اضافہ بھی نہ ہو۔اس حوالے سے آج بھی اجلاس ہوا۔ہماری پوری کوشش ہے کہ یہ اضافہ عوام تک نہ پہنچنے پائے۔
وزیر اعظم نے اس موقع پر پی ٹی وی فیس کے خاتمے کا اعلان کیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ بجلی کی 500 ارب روپے کی سالانہ چوری بڑا چلینج ہے اس پر باقاعدہ سے خود جائزہ لے رہا ہوں اس کو برق رفتاری سے کم کرنا ہے۔دوسرا چیلنج یہ ہے کہ بجلی زیادہ ہے اور کپھت کم ہے۔شمسی توانائی سستی ترین بجلی پیدا کرنے کا ذریعہ ہے پاکستان ان چند ممالک میں شمار ہوتا ہے جہاں پر تیزی سے سولرائزیشن ہورہی ہے۔اس کو سراہتے ہیں، اس کو حوصلہ شکنی نہیں کریں گے۔ایک طرف ہم سستی بجلی کی بات کرتے ہیں،دوسری طرف سرکاری سطح پر پیدا ہونے والی بجلی کی کھپت کم ہے،ہمیں گھریلو اور صنعتی صارف کے لیے بجلی کی قیمت کم کرنی ہے یہ چومکھی لڑائی ہے،ہمیں اس کا ادراک ہے،ہمیں تیزی سے اس کا حل تلاش کرنا ہے تاکہ پاکستان میں ترقی و خوشحالی کا سفر تیزی سے طے ہو۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اس اپنا میٹر اپنی ریڈنگ کا اصل فائدہ صارف کو ہوگا،یہ ایک انقلابی تبدیلی ہے،اس کا فائدہ ہر ایک گھر اٹھائے گا،توقع ہے کہ اس کو وزارت مکمل نگرانی کرے گی۔اس پر پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ وزیر انفارمیشن سے کہوں گا کہ وہ وزارت توانائی کے ساتھ مل کر اس میں مزید جدت پیدا کریں تاکہ عام صارف اس کا استعمال کرسکے۔ایپ کو کراچی سے پشاور تک گھر گھر متعارف کرائیں۔عام لوگوں کو اس ایپ سے متعارف کرایا جائے۔پانچ زبانوں میں اس کو متعارف کرانا ایک قومی خدمت ہے،یہ ایپ جہاں عام فہم ہے وہاں اس سے بین الصوبائی ہم آہنگی بھی پروان چڑھانے میں مدد ملیگی۔اس موقع پر وزیر توانائی سردار اویس احمد لغاری نے کہا کہ صارف کے لئے آسانی اور شفافیت وزیر اعظم کا ویڑن اور ہدایت تھی۔اس ٹیکنالوجی سے صارف اب اپنی ریڈنگ خود دیکھ سکے گا۔صارفین 110 اربروپے اوور بلنگ کی مد میں واپس کیے گئے۔اب میٹر ریڈر کا اختیار صارف کو دے دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ وزیر اعظم کی نگرانی اور رہنمائی میں عوام کی بہتری کے لئے ہم وزیر اعظم کے ویڑن پر عمل کرتے رہیں۔
سیاسی منظر نامے میں تبدیلی متوقع، وزیر اعظم اچانک چودھری نثار کو ملنے پہنچ گئے
اسلام آباد(سی ایم لنکس)ملکی سیاست میں اہم پیش رفت کا امکان ہے، وزیراعظم شہباز شریف ناراض لیگی رہنما اور سابق وزیرداخلہ چودھری نثار سے ملاقات کے لیے ان کی رہائشگاہ پہنچ گئے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف مسلم لیگ (ن) کے ناراض رہنما اور سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار سے ملاقات کے لیے ان کے گھر پہنچ گئے، دونوں رہنما ملکی سیاسی صورتحال اور اہم امور پر غور کررہے ہیں۔اس سے قبل ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف چودھری نثار کو منانے کی کوشش کریں گے، واضح رہے کہ پارٹی سیناراض چودھری نثار طویل عرصے سے سیاست سے کنارہ کش ہیں، ملاقات کے موقع پر وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے۔یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ سال ستمبر میں چودھری نثار علی خان کے گھر جاکر ان سے ملاقات کی تھی اور بہن کے انتقال پر تعزیت کی تھی۔واضح رہے چودھری نثار علی خان جو کبھی مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنما تھے، 34 سال سے زائد عرصے تک پارٹی سے وابستہ رہنے کے بعد 2018 میں جماعت سے الگ ہوگئے تھے۔اس وقت چودھری نثار علی خان نے کہا تھا کہ انہوں نے یہ فیصلہ اپنے ضمیر کے مطابق کیا، میں طویل عرصے سے مسلم لیگ (ن) کا حصہ ہوں، میں اقتدار کی نہیں، عزت کی سیاست کرتا ہوں۔بعد ازاں انہوں نے 2018 کے انتخابات میں راولپنڈی کی 4 قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں سے آزاد امیدوار کے طور پر حصہ لیا اور دعویٰ کہ ان کی جماعت نے زیادہ تر ٹکٹ سیاسی یتیموں کو دیے۔