وفاقی بجٹ میں وزیر اعظم کی سرکاری رہائش اور اخراجات بڑھاکر تقریباً 86 کروڑ روپے کر دیے گئے
اسلام آباد ( چترال ٹائمزرپورٹ ) وفاقی بجٹ میں وزیر اعظم کی سرکاری رہائش اور اخراجات 72 کروڑ سے بڑھا کر تقریباً 86 کروڑ روپے کر دیے گئے۔
جبکہ عام آدمی پر تقریباً 2 ہزار ارب روپے کے نئے ٹیکس لگائے جا رہے ہیں، وزیر اعظم ہاؤس کے اخراجات میں کمی کی بجائے مزید اضافہ کر دیا گیا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس کے لیے گاڑیوں کا بجٹ 9 کروڑ، ڈسپنسری کا 1 کروڑ 44 لاکھ، باغیچے کے لیے 4 کروڑ 48 لاکھ، دوروں کے لیے 60 لاکھ، اور وزیراعظم چیرٹی کے لیے 42 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
وفاقی وزراء و وزراء مملکت کا بجٹ 27 کروڑ سے بڑھا کر 50 کروڑ 54 لاکھ، مشیروں کا بجٹ 3 کروڑ 61 لاکھ سے بڑھا کر 6 کروڑ 31 لاکھ، اور معاونینِ خصوصی کا بجٹ 3 کروڑ 70 لاکھ سے بڑھا کر 11 کروڑ 34 لاکھ روپے کر دیا گیا ہے۔
کابینہ ڈویژن کے لیے 68 کروڑ 87 لاکھ اور سینٹرل کار پول کے لیے 62 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔
قومی اسمبلی کا بجٹ 28 فیصد اضافے کے بعد 12 ارب 73 کروڑ سے بڑھا کر 16 ارب 29 کروڑ روپے اور سینیٹ کا بجٹ 7 ارب 24 کروڑ سے بڑھا کر 9 ارب 55 کروڑ روپے کر دیا گیا ہے۔
