وزیراعظم کے معائنہ کمیشن کے چیئرمین کی زیرِ صدارت اہم زوم اجلاس، چترال کے شاہراہی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ، اہم فیصلے
۔
اسلام آباد (نمائندہ چترال ٹائمز) وزیراعظم کے معائنہ کمیشن (PMIC) کے چیئرمین کی زیرِ صدارت جمعرات کو ایک اہم زوم اجلاس منعقد ہوا، جس میں چترال کے جاری شاہراہی منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) لوئر چترال عبدالولی خان ، سابق رکن قومی اسمبلی شہزادہ افتخارالدین ، سابق رکن صوبائی اسمبلی سید احمد ، وزیراعظم یوتھ پروگرام لوئر چترال کے کوآرڈینیٹر حفیظ اللہ ، نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
چترال۔بونی روڈ
اجلاس کے دوران چترال۔بونی روڈ منصوبے پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ چیو پل تک اسفالٹ بچھانے کا کام اتوار کی شام تک مکمل کر لیا جائے گا، جبکہ بونی میں اسفالٹ پلانٹ آئندہ دو روز میں فعال ہو جائے گا، جس کے بعد اسفالٹنگ کے کام میں مزید تیزی آئے گی۔
حکام نے یقین دہانی کرائی کہ بھرپور کوشش کے ذریعے نومبر 2026 کے اختتام تک بونی روڈ کی اسفالٹنگ مکمل کر لی جائے گی۔ چیئرمین وزیراعظم معائنہ کمیشن نے اعلان کیا کہ وہ اس سے قبل منصوبے کا خود بھی دورہ کریں گے۔
گرم چشمہ روڈ
اجلاس میں گرم چشمہ روڈ منصوبے پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ سڑک کی مرمت و بحالی (مینٹیننس) کا کام جاری ہے، جبکہ ستمبر 2026 کے اختتام تک اسفالٹنگ مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ منصوبے کا پی سی ون (PC-I) تیار کیا جا چکا ہے اور اسے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) میں شامل کرنے کے لیے وزیراعظم کو پیش کیا جائے گا۔ منصوبے کی متوقع لاگت 18 سے 19 ارب روپے بتائی گئی۔
کلاش ویلیز روڈ
کلاش ویلیز روڈ کے حوالے سے چیئرمین PMIC نے متعلقہ حکام اور ٹھیکیدار کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ 15 اگست تک لیویز چیک پوسٹ تک اسفالٹ بچھانے کا کام ہر صورت مکمل کیا جائے، بصورت دیگر ذمہ دار ٹھیکیدار کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ 15 اگست کے بعد بریر روڈ پر راک کٹنگ کا کام فوری طور پر شروع کیا جائے اور منصوبے کی تکمیل کے لیے مقررہ ڈیڈ لائن پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ دوباش تک راک کٹنگ مکمل ہونے کے بعد وہاں موجود مشینری منصوبے کے اگلے حصے میں منتقل کی جائے گی تاکہ تعمیراتی کام کی رفتار مزید تیز کی جا سکے۔
چیئرمین وزیراعظم معائنہ کمیشن نے ہدایت کی کہ آئندہ چلم جوشی فیسٹیول سے قبل کلاش ویلیز روڈ مکمل کی جائے تاکہ مقامی آبادی اور سیاحوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل کے بعد وزیراعظم پاکستان کو چترال کا دورہ کرایا جائے گا اور انہیں چلم جوشی فیسٹیول میں بھی شرکت کی دعوت دی جائے گی۔
اجلاس کے اختتام پر وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر اور صدر مسلم لیگ (ن) لوئر چترال عبدالولی خان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایات اور وزیراعظم کے معائنہ کمیشن کی مؤثر نگرانی کے باعث چترال کے اہم شاہراہی منصوبوں پر کام تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان منصوبوں کی بروقت تکمیل سے نہ صرف عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی بلکہ سیاحت، تجارت اور مقامی معیشت کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔
