لوئر چترال میں سڑکوں کی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ، وزیراعظم انسپیکشن ٹیم اور این ایچ اے افسران کا اہم اجلاس

چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) ضلع لوئر چترال میں جاری سڑکوں کے تعمیراتی و ترقیاتی منصوبوں، ان میں درپیش رکاوٹوں اور تکنیکی مسائل کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس لوئر چترال میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم نے کی، جس میں وزیر اعظم پاکستان کی خصوصی انسپیکشن ٹیم (PMIC) کے نمائندگان، نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) کے افسران، انتظامی افسران اور متعلقہ لائن ڈیپارٹمنٹس کے ذمہ داران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران افسران کو ضلع بھر میں جاری سڑکوں اور رسائی منصوبوں کی تازہ پیش رفت، حائل رکاوٹوں، فنڈنگ، ٹھیکیداروں کی کارکردگی اور تکنیکی و انتظامی نوعیت کے چیلنجز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر شرکاء نے منصوبوں کی بروقت تکمیل اور معیار کو یقینی بنانے کے لیے مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔
ڈپٹی کمشنر راؤ ہاشم عظیم نے کہا کہ عوامی مفاد کے ان منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے، تاکہ لوئر چترال کے عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر آسکیں۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ باہمی رابطے اور کوآرڈینیشن کو مزید مؤثر بناتے ہوئے تعمیراتی رفتار میں تیزی لائی جائے اور تمام رکاوٹوں کے حل کے لیے مربوط اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا باقاعدہ فالو اپ رکھا جائے گا اور تمام محکمے اپنی کارکردگی رپورٹ متعلقہ حکام کو مقررہ وقت میں فراہم کریں گے۔ اجلاس کے اختتام پر PMIC ٹیم نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ این ایچ اے کے تعاون کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ تمام منصوبے مقررہ ٹائم لائن کے مطابق معیار کے ساتھ پایۂ تکمیل کو پہنچیں گے۔


