وزیراعظم نے پیٹرول کی قیمت میں 74 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کردیا
۔
اسلام آباد (نمائندہ چترال ٹائمز ) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں معاشی صورتحال میں بہتری اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا پورا فائدہ عوام تک منتقل کیا جا رہا ہے۔
وزیرِ اعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت نے قوم سے جو وعدہ کیا تھا، اسے پورا کرتے ہوئے پٹرول کی قیمت میں 74 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے فی لیٹر کمی کی جا رہی ہے۔ اس فیصلے کے بعد پٹرول کی قیمت 373 روپے سے کم ہو کر 299 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت 378 روپے سے کم ہو کر 311 روپے فی لیٹر ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو عوام کی مشکلات کا بخوبی احساس ہے اور مشکل حالات میں عوام نے جس صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا، وہ قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنے وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ترقیاتی بجٹ اور کفایت شعاری سے حاصل ہونے والی بچت میں سے 129 ارب روپے خرچ کر کے عوام کو ممکنہ حد تک ریلیف فراہم کیا۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ معاشی بحران کے دوران حکومت کی مؤثر حکمت عملی کی بدولت ملک میں توانائی کا کوئی بحران پیدا نہیں ہوا، نہ ہی عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی قلت یا طویل قطاروں کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے اس سلسلے میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے تعاون کو سراہتے ہوئے صوبائی وزرائے اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں جو بھی کمی آئے گی، اسے من و عن عوام تک منتقل کیا جائے گا اور مہنگائی میں مزید کمی اور معاشی استحکام کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں کشیدہ صورتحال کے دوران پاکستان کی ثالثی کے نتیجے میں امن ممکن ہوا اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ایک تاریخی پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی پوری پاکستانی قوم کے لیے اعزاز کی بات ہے۔
انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خصوصی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بدولت یہ امن معاہدہ ممکن ہوا۔ وزیرِ اعظم نے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیرِ داخلہ محسن نقوی اور امن کوششوں میں شریک حکومتی ٹیم کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیرِ اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک اور معاشی ٹیم کے دیگر ارکان کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشیں قابلِ ستائش ہیں۔