اپر چترال؛ یومِ پاکستان کے موقع پر شجرکاری مہم، پودوں کی تقسیم اور پلانٹیشن کا اہتمام
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) یومِ پاکستان کے موقع پر اپر چترال میں شجرکاری مہم کے سلسلے میں پودے لگانے اور مفت تقسیم کرنے کی ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
صوبائی حکومت خیبر پختونخوا کے احکامات کی روشنی میں جاری اس مہم کے تحت ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر مستوج عدنان حیدر ملوکی نے گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج بونی میں منعقدہ پلانٹیشن ڈرائیو میں شرکت کی۔ اس موقع پر شجرکاری مہم کی کوآرڈینیٹر شاہدہ پروین، محکمہ جنگلات اور کالج انتظامیہ کے نمائندگان بھی موجود تھے۔
تقریب کے دوران سینکڑوں پودے لگائے گئے، جبکہ طلبہ اور شہریوں میں مفت پودے بھی تقسیم کیے گئے۔ یہ اقدام صوبائی حکومت کی جانب سے ضلع بھر میں دو لاکھ پودے لگانے کے ہدف کے حصول کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ شجرکاری مہم ضلعی انتظامیہ اپر چترال اور محکمہ جنگلات کے زیرِ اہتمام جاری ہے، جس کا مقصد ماحولیاتی تحفظ کو فروغ دینا اور عوام میں شجرکاری کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر مستوج نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اس مہم کو ضلع بھر میں مزید وسعت دی جائے گی تاکہ ایک سرسبز اور شاداب ماحول کے قیام کو یقینی بنایا جا سکے۔

