The Voice of Chitral since 2004
Friday, 4 September 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

چترال لوئیر: پہستی کا مرکزی رابطہ سڑک سیلاب کے بعد ایک ماہ سے بند، عوام شدید مشکلات کا شکار، داد رسی کی اپیل 

Chitral Times

چترال لوئیر: پہستی کا مرکزی رابطہ سڑک سیلاب کے بعد ایک ماہ سے بند، عوام شدید مشکلات کا شکار، داد رسی کی اپیل 

چترال لوئیر: پہستی کا مرکزی رابطہ سڑک سیلاب کے بعد ایک ماہ سے بند، عوام شدید مشکلات کا شکار، داد رسی کی اپیل 

چترال لوئیر: پہستی کا مرکزی رابطہ سڑک سیلاب کے بعد ایک ماہ سے بند، عوام شدید مشکلات کا شکار، داد رسی کی اپیل

۔

لوئر چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) لوئر چترال کے دورافتادہ علاقے پہستی کا مرکزی رابطہ روڈ سیلاب کے باعث گزشتہ ایک ماہ سے مکمل طور پر بند ہے، جس کے نتیجے میں علاقے کے مکین شدید مشکلات اور بنیادی ضروریات کی قلت کا سامنا کر رہے ہیں۔

مقامی لوگوں کے مطابق سڑک کی بندش کے باعث علاقے میں طبی بحران کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ متعدد مریض ہسپتال تک رسائی سے محروم ہیں، جبکہ ادویات بھی ختم ہونے کے باعث مریضوں اور ان کے اہل خانہ کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ ہنگامی نوعیت کے مریضوں کو ہسپتال منتقل کرنا بھی ایک بڑا مسئلہ بن گیا ہے۔

علاقے میں خوراک کی صورتحال بھی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ مقامی دکانوں میں اشیائے خوردونوش کا ذخیرہ ختم ہوچکا ہے، جس کے باعث بچوں، خواتین اور بزرگوں سمیت عام آبادی کو مشکلات کا سامنا ہے۔

سیلاب نے علاقے کی زرعی معیشت کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے۔ پستی میں مٹر اور آلو کی فصلیں، جو مقامی لوگوں کی سال بھر کی آمدن اور روزگار کا اہم ذریعہ تھیں، سیلاب سے تباہ ہوگئی ہیں۔ متاثرہ کسانوں کے مطابق فصلوں کی تباہی سے انہیں بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے اور ان کے معاشی مسائل میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک ماہ سے وہ اپنی مدد آپ کے تحت رابطہ سڑک بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم سیلاب سے ہونے والی تباہی اور دشوار گزار جغرافیائی حالات کے باعث یہ کوششیں کامیاب نہیں ہوسکیں۔ سڑک بند ہونے سے طلبہ، مریض اور عام شہری شدید مشکلات سے دوچار ہیں اور علاقے سے باہر آمدورفت تقریباً معطل ہوکر رہ گئی ہے۔

علاقے کے عوام نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا، ایم پی اے لوئر چترال، ڈپٹی کمشنر لوئر چترال ، غیر سرکاری اداروں اور دیگر متعلقہ تنظیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ پستی کی صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے رابطہ سڑک کی بحالی کے لیے بھاری مشینری روانہ کی جائے۔

انہوں نے حکومت سے یہ بھی اپیل کی ہے کہ علاقے میں خوراک اور ادویات کی ہنگامی بنیادوں پر فراہمی یقینی بنائی جائے اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں، خصوصاً کسانوں کے لیے خصوصی امدادی پیکیج کا اعلان کیا جائے تاکہ انہیں موجودہ بحران سے نکالا جاسکے۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ایک ماہ سے جاری سڑک کی بندش نے ان کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کردیا ہے، اس لیے مزید تاخیر کے بغیر عملی اقدامات اٹھائے جائیں اور پستی کے متاثرہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔

chitraltimes phasstee people in trouble after flood