اپرچترال میں ٹیلی نار کمپنی کی ناقص سروس کے خلاف کنزیومر کورٹ میں پیٹیشن دائر
اپرچترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) اپر چترال کے عوام تاجر یونین ،اورسیز کمیونٹی، ٹیچر ایسوسی ایشن ، سٹوڈنٹ آرگنائزیشن اور سماجی تنظیموں کی طرف سے ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی ٹیلی نار کے خلاف ناقص ترین سروس اور کسٹمر کو پیکجز کی مد میں پہنچائے جانے والے نقصان کے خلاف ایڈوکیٹ جلال الدین کے توسط سے کنزیومر کورٹ اپر چترال میں پیٹیشن دائر کیا گیا ہے
عوام تورکہو موڑکہو کی نمائندگی کرتے ہوئے طاہر الدین شادان نے کہا کہ گزشتہ کئی مہینوں سے ٹیلی نار کمپنی نے عوام کا جینا دو بھر کیا ہوا ہے پورے چترال میں ٹیلی نار نیٹ ورک صرف پیکجز کی مد میں رقم بٹورنے میں مصروف ہے جبکہ صارفین ادائیگی کرکے بھی تماتر سہولیات سے محروم ہیں کئی بار ٹیلی نار آفیشلز کو متوجہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن کوئی سننے کے لئے تیار نہیں ہوا مجبورا ہم نے کورٹ سے رجوع کیا ہے ہمیں امید ہے کہ کنزیومر کورٹ اپر چترال کے صارفین انصاف دلائے گا بصورت دیگر ہم سپریم کورٹ کا دروازہ بھی کھٹکھٹائیں گے عوام سے اپیل ہے کہ ٹیلی نار کمپنی کی اس مجرمانہ غفلت کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں
واضح رہے کہ نیٹ ورک کی عدم دستیابی کی وجہ سے جہاں تاجر برادری کو نقصان سامنا ہے تو وہاں ڈرائیور یونین کو بھی مشکلات درپیش ہیں طلبا آن لائن کلاسز سے محروم ہو گئے جبکہ سکولوں کے اساتذہ نے طلبا کی آسانی کے لئے واٹس ایپ گروپس بنائے ہوئے ہیں جہاں تعطیلات اور روزمرہ کا ہوم ورک دیا جاتا ہے نیٹ ورک نہ ہونے کی وجہ سے سکولوں کے طلبا بھی بری طرح متاثر ہیں دوسری طرف دیار غیر میں بسنے والے محنت کش دن بھر مشقت کے بعد رات کو بیوی بچوں کا حال احوال پوچھنے سے قاصر ہیں اس سنگین غفلت اور لا پرواہی کے خلاف ہم نے قانونی جنگ لڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے ان شاءاللہ اس کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے

