پیٹرول، ڈیزل اور چینی کی قیمتوں میں حالیہ اضافےپرپشاور کے تجار برادری سراپا احتجاج، قیمتوں میں کمی کی جائے اور عوام کو ریلیف دیا جائے۔ تاجررہنما
پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ) خیبرپختونخوا کے تاجروں نے پیٹرول، ڈیزل اور چینی کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو مسترد کرتے ہوئے حکومت کے خلاف سخت ردعمل دیا ہے۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز خود کہہ چکے ہیں کہ اگر پیٹرول، ڈیزل اور چینی مہنگے ہوں تو سمجھ لیں حکومت میں کرپشن ہے۔
تاجر اتحاد خیبرپختونخوا کے صدر مجیب الرحمان نے کہا کہ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ گاڑیوں کے کرائے، ادویات، سبزیاں اور روزمرہ کے ضروری اشیاء عام شہری کی پہنچ سے دور ہو چکے ہیں۔ پنجاب میں چینی کی قیمت 205 روپے کلو تک پہنچ چکی ہے جبکہ دنیا بھر میں پیٹرول سستا ہو رہا ہے لیکن پاکستان میں اس کے نرخ مسلسل بڑھائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کے لوگ پہلے ہی بےروزگاری، بدامنی اور دہشت گردی کے مسائل سے دوچار ہیں، مہنگائی نے عوام کو مزید اذیت میں مبتلا کر دیا ہے۔
مجیب الرحمان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر پیٹرول، ڈیزل اور چینی کی قیمتوں میں کمی کی جائے اور عوام کو ریلیف دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات میں ایم پی ایز کی کروڑوں روپے میں خرید و فروخت افسوسناک عمل ہے، الیکشن شفاف ہونے چاہئیں۔
تاجر اتحاد کے صدر نے زور دیا کہ حکومتی وزراء اپنے شاہانہ اخراجات میں کمی کریں اور عوام کے بنیادی مسائل حل کریں تاکہ عام آدمی کو سکھ کا سانس مل سکے۔
