پی ڈی ایم اے الرٹ جاری: 5 جون تک چترال سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارشوں اور گرج چمک کے ساتھ تیز ہواؤں کی پیش گوئی
۔
پشاور (نمائندہ چترال ٹائمز ) صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) خیبرپختونخوا نے 5 جون تک صوبے کے مختلف اضلاع میں بارشوں، گرج چمک اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بونیر، مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، کوہاٹ، کرم، اورکزئی، خیبر، باجوڑ، مہمند، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان اور ٹانک سمیت مختلف اضلاع میں بارش اور گرج چمک کے ساتھ تیز ہواؤں کا امکان ہے۔
الرٹ میں کہا گیا ہے کہ بارشوں کے باعث چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور پشاور سمیت مختلف علاقوں میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ موجود ہے، جبکہ مردان، نوشہرہ اور چارسدہ کے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات یقینی بنائے جائیں، ندی نالوں کی نگرانی کی جائے اور حساس مقامات پر مشینری و عملہ الرٹ رکھا جائے۔
عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ندی نالوں اور برساتی گزرگاہوں کے قریب جانے سے احتیاط برتیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق تیز بارشوں اور آندھی کے باعث کمزور مکانات، بجلی کے کھمبوں، سولر پینلز، درختوں اور فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بھی موجود ہے، لہٰذا شہری حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔
