The Voice of Chitral since 2004
Monday, 27 July 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

پی ڈی ایم اے کا بالائی اضلاع میں گلاف کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری، احتیاطی اقدامات کی ہدایت

Chitral Times

پی ڈی ایم اے کا بالائی اضلاع میں گلاف کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری، احتیاطی اقدامات کی ہدایت

پی ڈی ایم اے کا بالائی اضلاع میں گلاف کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری، احتیاطی اقدامات کی ہدایت

پی ڈی ایم اے کا بالائی اضلاع میں گلاف کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری، احتیاطی اقدامات کی ہدایت

.

پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز) صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بالائی خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے (گلاف) کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کرتے ہوئے فوری احتیاطی اور حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق محکمہ موسمیات پاکستان (PMD) کے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈویژن نے خبردار کیا ہے کہ گرم موسمی حالات اور وقفے وقفے سے ہونے والی بارشوں کے باعث خیبر پختونخوا میں اگست 2026 کے پہلے ہفتے تک موجودہ موسمی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے، جس سے گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گلیشیئرز کے پگھلاؤ کے نتیجے میں گلیشیئر وادیوں کے ندی نالوں اور دریاؤں میں پانی کی سطح بلند رہ سکتی ہے، جبکہ موجودہ گلیشیئر جھیلوں کے حجم اور پانی کی سطح میں تیزی سے اضافے کے ساتھ نئی گلیشیئر جھیلیں بھی بن سکتی ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق اگر گلیشیئر جھیلوں کے پھیلاؤ کے باعث قدرتی برفانی یا مورن ڈیم غیر مستحکم ہو جائیں تو گلاف (Glacial Lake Outburst Flood) کا واقعہ پیش آ سکتا ہے، جس کے نتیجے میں حساس اور نشیبی علاقوں میں اچانک سیلابی ریلے، فلیش فلڈ، مٹی و ملبے کے تودوں کا بہاؤ اور لینڈ سلائیڈنگ جیسے خطرات پیدا ہو سکتے ہیں۔

اتھارٹی نے اپر چترال، لوئر چترال، اپر دیر، بحرین سوات، سوات، اپر کوہستان اور مانسہرہ کی ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ حساس گلاف مقامات کی مسلسل نگرانی کی جائے، بروقت وارننگ سسٹم فعال رکھا جائے اور ممکنہ متاثرہ آبادیوں کے تحفظ کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل رکھے جائیں۔

ضلعی انتظامیہ کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ خطرے سے دوچار علاقوں میں انخلا کی مشقیں کرائی جائیں، محفوظ مقامات پر ضروری سامان کی دستیابی یقینی بنائی جائے، نشیبی علاقوں کے مکینوں کو بروقت آگاہ کیا جائے اور ریسکیو و ایمرجنسی سروسز سمیت متعلقہ محکموں کا عملہ ہر وقت تیار رکھا جائے۔

پی ڈی ایم اے نے عوام، خصوصاً سیاحوں اور مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ گرم موسمی حالات کے دوران دریاؤں، ندی نالوں، گلیشیئر جھیلوں اور تنگ پہاڑی وادیوں کے قریب جانے، غیر ضروری سفر، کیمپنگ اور ٹریکنگ سے گریز کریں۔ تیز بہاؤ والے پانی کے راستوں سے گاڑیاں گزارنے سے بھی اجتناب کیا جائے کیونکہ اچانک سیلاب کی صورت میں گاڑیوں کے بہہ جانے کا خطرہ موجود ہے۔

عوام کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ اگر مقامی ندی نالوں کے پانی کے رنگ میں اچانک تبدیلی، گدلا پن یا پتھروں کے رگڑنے جیسی غیر معمولی آوازیں سنائی دیں تو فوراً محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہو جائیں۔ اسی طرح مویشیوں اور ضروری سامان کو بھی پیشگی طور پر بلند اور محفوظ مقامات پر منتقل رکھنے کی تاکید کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے متعلقہ محکموں، کمیونٹی بیسڈ ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ کمیٹیوں اور تکنیکی فوکل پرسنز کے درمیان مسلسل رابطہ برقرار رکھنے پر زور دیا ہے۔ ساتھ ہی سڑکوں اور پلوں کی بندش یا نقصان کی صورت میں فوری بحالی کے لیے این ایچ اے، ایف ڈبلیو او اور محکمہ مواصلات و تعمیرات کے ساتھ بروقت رابطہ یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عوام اور متعلقہ ادارے معلومات اور مدد کے لیے 24 گھنٹے فعال ایمرجنسی آپریشن سینٹر (PEOC) کی ٹول فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔